ایک ہی ڈیوائس پر دوسرے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو لاگ ان رکھنے کا نیا فیچر، واٹس ایپ کب لانچ کر رہا ہے؟

جمعہ 20 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کیا آپ مختلف واٹس ایپ اکاؤنٹ استعمال کررہے ہیں؟ اور آپ تنگ آچکے ہیں کہ ایک اکاؤنٹ کو لاگ ان کرنے کے لیے دوسرا اکاؤنٹ لاگ آؤٹ کرنا پڑتا ہے؟ اب واٹس ایپ نے نیا فیچر تیار کیا ہے جس کی بدولت ایک ہی ڈیوائس یعنی موبائل یا ویب پر 2 اکاؤنٹس کو لاگ ان رکھ سکتے ہیں۔

معروف میسجنگ ایپ میٹا کے بڑے اعلان کے بعد اب ایک ڈیوائس میں متعدد واٹس ایپ اکاؤنٹس استعمال کرنا ممکن ہوگیا ہے، واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے باضابطہ طور پر اس فیچر کی آمد کی تصدیق کر دی ہے جو کہ آنے والے دنوں میں متعارف کرایا جائے گا۔

سوشل میڈیا کمپنی کے سی ای او مارک زکربرگ نے فیس بک پر یہ اعلان کیا ہے کہ واٹس ایپ جلد ہی صارفین کو ایک ہی ڈیوائس پر اپنے اکاؤنٹس کے درمیان سوئچ کرنے کی اجازت دے گا۔ یہ فیچر ان افراد کے لیے بہترین ثابت ہوگا جو واٹس ایپ کو دفتری سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔

’ملٹی اکاؤنٹ سپورٹ سے وہ دفتری اور ذاتی زندگی کے لیے الگ اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے۔‘

کسی بھی ایپ کے مقابلے میں واٹس ایپ کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جائے تو واٹس ایپ کا دور دور تک کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا، جس کے صارفین کی تعداد 2 ارب سے زیادہ ہے۔ اس سے قبل صارفین دوسرا واٹس ایپ اکاؤنٹ استعمال کرنے کے لیے ایک الگ ڈیوائس استعمال کرتے تھے۔ یا انہیں ان کے درمیان سوئچ کرنے کے لیے اکاؤنٹس سے مسلسل لاگ ان اور آؤٹ کرنا پڑتا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین ایپ میں موجود اکاؤنٹس کے درمیان بغیر کسی رکاوٹ کے سوئچ کر سکیں گے۔ ڈوئل واٹس ایپ اکاؤنٹ فیچر صارفین کے لیے ایک سے زیادہ اکاؤنٹس میں اپنی بات چیت کا انتظام کرنا بھی آسان بنائے گا۔

ڈوئل واٹس ایپ اکاؤنٹ استعمال کرنے کے لیے، آپ کو ایک دوسرے فون نمبر کی ضرورت ہوگی (یہ ایک فزیکل سم کارڈ یا ای سم نمبر ہوسکتا ہے)۔ اس لیے یقینی بنائیں کہ آپ کا فون ملٹی سم یا ای سم کنیکٹیویٹی کو سپورٹ کرتا ہے یا آپ کو سیکنڈری ڈیوائس استعمال کرنا ہوگی۔ اس کے بعد ہی آپ اس ڈیوائس میں دوسرا اکاؤنٹ ترتیب دے سکیں گے۔

ایک بار کا پاس کوڈ حاصل کرنے کے لیے متبادل نمبر کی ضرورت ہوگی۔ فی الحال، واٹس ایپ صارفین کو اپنے اکاؤنٹس تک رسائی کی اجازت دینے کے لیے ایس ایم ایس کے ذریعے پاس کوڈ بھیجتا ہے۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ سیٹنگز اوپن کرکے اپنے نام کے آگے بنے ڈراپ ڈاؤن ایرو پر کلک کریں۔ وہاں ایڈ اکاؤنٹ کا آپشن ہوگا جس پر کلک کرکے دوسرے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ایڈ کرلیں۔

واضح رہے کمپنی کے مطابق صارف ہر اکاؤنٹ کی پرائیویسی اور نوٹیفکیشن سیٹنگز کو خود کنٹرول کر سکے گا۔ مزید یہ کہ، صارف آزادانہ طور پر دیگر ترتیبات کو بھی فعال کر سکتے ہیں جیسے کہ گفتگو کو خاموش کرنا (میوٹ کرنا) یا محفوظ کرنا (آرکائیوکرنا)، پیغامات کو حذف کرنا، یا ہر اکاؤنٹ کے لیے مخصوص رابطوں کو بلاک کرنا شامل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp