سرفراز احمد کی ترقی، پاکستان کے مزید 5 کرکٹرز بھی سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل

جمعہ 20 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کی کیٹیگری میں تبدیلی کرتے ہوئے انہیں ’ڈی‘ سے ’بی‘ کیٹیگری میں شامل کر لیا ہے۔

اس کے علاوہ پی سی بی نے مزید 5 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کر لیا ہے جس کے بعد کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد 25 سے بڑھ کر 30 ہو گئی ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے والے نئے کھلاڑیوں میں ابرار احمد، نعمان علی، طیب طاہر، عامر جمال اور ارشد اقبال شامل ہیں۔

پی سی بی نے اسپنر ابرار احمد اور نعمان علی کو ’سی کیٹیگری‘ میں شامل کیا ہے۔ اس کے علاوہ ارشد اقبال، عامر جمال اور طیب طاہر کو ’ڈی کیٹیگری‘ دی گئی ہے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی کیٹیگری میں تبدیلی کرتے ہوئے انہیں ’ڈی‘ سے ’بی‘ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

اس سے قبل اعلان کیے گئے سینٹرل کنٹریکٹ میں جو 25 کھلاڑی شامل تھے ان کی فہرست کی منظوری سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے دور میں دی گئی تھی، تاہم بعد میں ذکا اشرف کی سربراہی میں قائم مینجمنٹ کمیٹی نے ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے مزید 5 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ماہ کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا تھا، اور اس میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں 127 سے 202 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا۔

سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں پر قدغن ہے کہ وہ صرف 2 غیر ملکی لیگز کھیل سکیں گے، اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والوں کو 50 فیصد انٹرنیشنل میچ فیس ملے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp