عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان ضدی سیاستدان ہیں، فوج کے ساتھ ٹکراؤ ہماری غلطی تھی، 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کی ہر جمعے کو مذمت کو ہونی چاہیے۔ ’میرا آرمی چیف سے مطالبہ ہے کہ 9 مئی کو گھٹیا حرکت کرنے والوں کے لیے عام معافی کا اعلان کر دیا جائے‘۔
9 مئی کے واقعات کے بعد طویل عرصے تک روپوش رہنے والے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے بارے میں اطلاع تھی کہ انہیں گزشتہ ماہ 17 ستمبر کو نامعلوم افراد نے حراست میں لے لیا ہے، اس کے بعد اب شیخ رشید اچانک نجی ٹی وی پر انٹرویو دیتے دکھائی دیے ہیں۔
واضح رہے کہ شیخ رشید احمد 9 مئی سے لے کر 17 ستمبر کو اپنی مشکوک گرفتاری تک سوشل میڈیا بالخصوص ایکس (ٹوئٹر) پر مستقل ویڈیو پیغامات جاری کرتے رہے جن میں انہوں نے گاہے بگاہے عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ لڑائی بنتی ہی نہیں تھی، جو 3 لوگ پی ٹی آئی کی طرف سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کر رہے تھے انہوں نے اپنی پارٹی بنا لی ہے۔
اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مجھے پاک فوج کا ترجمان ہونے پر فخر ہے، عمران خان کو کہا تھا کہ ہمیں فوج کے ساتھ بنا کر رکھنی چاہیے۔
جب سانحہ 9 مئی ہوا تو ملک سے باہر تھا
انہوں نے کہاکہ جس وقت 9 مئی ہوا تو ملک سے باہر تھا، 10 مئی کو میں نے واقعے کی مذمت کی تھی لیکن اس کو کسی نے اُس طرح سنا نہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں چلا کاٹ کر آیا ہوں مگر اس دوران مجھے کسی نے کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔
انہوں نے کہاکہ ایک سیاستدان کو کسی فوجی کا نام لینا ہی نہیں چاہیے کیوں کہ یہ ملک اداروں کے بغیر چل ہی نہیں سکتا، ملک کی خاطر سیاستدانوں اور اداروں کو مل کر چلنا چاہیے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہاکہ میں نے عمران خان کوکہا کہ فوج کے ساتھ مذاکرات میں اپنا حصہ ڈالوں تو مجھے کہا گیا کہ آپ اس معاملے میں نہ آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے انتخابات کے علاوہ اور بھی بہت سے مقاصد ہیں۔
جنرل عاصم منیر کو چھیڑنا ہماری غلطی تھی
شیخ رشید احمد نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کو چھیڑنا ہماری غلطی تھی، فوج کا سربراہ کس کو ہونا چاہیے سیاستدانوں کو اس سے نکلنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جو فیصلہ کرے وہی آخری ہوتا ہے، اگر ہمیں کسی نے اندر سے سپورٹ کا کہا تھا تو وہ غلط تھا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب فوج کو برا بھلا کہا جا رہا تھا تو ہم اس میں شامل نہیں تھے۔ عمران خان ضدی سیاستدان ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے تو ٹوئٹر لے ڈوبا، میرے خلاف ٹوئٹس کے علاوہ کچھ بھی نہیں نکلا۔
شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ 9 مئی کے واقعات کی بنیاد پر جن لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان کو عام معافی کے لیے اپنا کردار ادا کروں گا کیوں کہ مجھے بہت سی ماؤں نے درخواست کی ہوئی ہے۔
مجھ پر اتنی مصیبتیں پڑی ہیں جیسے جوبائیڈن کے خلاف الیکشن لڑ رہا ہوں
شیخ رشید احمد نے کہا کہ زلفی بخاری، شہباز گل اور شیریں مزاری جیسے لوگوں نے ایک بیانیہ بنایا تھا جس کی بنیاد پر 9 مئی جیسا واقعہ پیش آیا، سانحہ 9 مئی کی ہر جمعے کو مذمت ہونی چاہیے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہاکہ مریڑ حسن سے لے کر فیض آباد تک میری سیاست ہے لیکن مصیبتیں اتنی ہیں کہ جیسے جوبائیڈن کے مقابلے میں الیکشن لڑ رہا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کی سیٹ عوامی مسلم لیگ ہی جیتے گی، راشد شفیق اپنی سیاست کا فیصلہ کرنے میں آزاد ہے۔