نوازشریف کی حفاظتی ضمانت نے عدلیہ کی آزادی مشکوک بنا دی، تحریک انصاف

ہفتہ 21 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اہم اجلاس میں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی وطن واپسی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ن لیگ کے عدالتوں سے سزایافتہ مجرم کی احتساب عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کی منظوری نے عدلیہ کی آزادی کو مشکوک بنا دیا ہے۔

شرمناک ریاستی سہولت کاری جاری ہے

کور کمیٹی کے مطابق پاکستان اس وقت آئین سے محروم اور ریاستی عناصر کی جانب سے بدترین سیاسی انجنئیرنگ کی شکار ریاست بن چکا ہے۔ ملک سے نظام انصاف کو زمین بوس کر کے قومی مجرموں کے لیے سیاست و حکومت کی راہ ہموار کرنے کے لیے شرمناک ریاستی سہولت کاری جاری ہے۔

قانون و انصاف کا قتل کیا گیا

ن لیگ کے جس بھگوڑے قائد کی لندن پلان کے تحت وطن واپسی کے لیے قانون و انصاف کا قتل کیا گیا ہے وہ کرپشن کے سنگین جرم میں ٹرائل کورٹ سے عدالتِ عظمیٰ تک سزا یافتہ ہے۔

ایک جانب قومی مجرم کے لئے قانون و انصاف کو زمین پر بچھا دیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب قوم کے صادق اور امین قائد کو محض سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے عدالتوں کو سیاسی ٹرائلز پر لگا دیا گیا ہے۔

عمران خان کو قوم کی نمائندگی کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے

کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ جیسے بے بنیاد مقدمے کے بعد سائفر جیسے مضحکہ خیز مقدمے کے ذریعے چیئرمین عمران خان کو آزادی اور قوم کی نمائندگی کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔

کور کمیٹی کے مطابق قومی مجرم کو ڈیڑھ گھنٹے میں قانون سے واضح انحراف کرتے ہوئے عدالتی پناہ فراہم کرنے والے چیف جسٹس  چئیرمین عمران خان کے خلاف درجن بھر مقدمات کے فیصلے محفوظ کر کے بیٹھے ہوئے ہیں۔

ہائی کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے لیے قومی مجرم کے لیے بائیومیٹرک کی شرط کو ختم کرنے والی عدلیہ سائفر جیسے بیہودہ مقدمے میں چئیرمین عمران خان کو فیئر ٹرائل سے محروم رکھ کر جیل کی سلاخوں کے پیچھے مقدمہ چلا رہی ہے۔

عدلیہ کی غیر جانبدار حیثیت عملاً خاک میں مل چکی

پچھلے 18 ماہ کے دوران بالعموم جبکہ پچھلے 6 ماہ کے دوران بالخصوص دیگر ریاستی اداروں کی طرح عدلیہ کی غیر جانبدار حیثیت عملاً خاک میں مل چکی ہے۔

تحریک انصاف خصوصاً چئیرمین عمران خان کے معاملے میں انصاف طویل کارروائیوں، غیر ضروری التوا، متعصب ججوں، پہلے سے طے شدہ فیصلوں اور بنیادی قانونی حقوق سے محرومی کا مجموعہ بن چکا ہے۔

پاکستانیوں کو بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے

کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ آئین کی بحالی اور عوام کے ووٹ کے جمہوری حق کے تحفظ کے حوالے سے عدلیہ کے کردار نے قوم کے اعتماد کو بری طرح مجروح کیا ہے۔

بیماری کا بہانہ بنا کر خالصتاً انسانی ہمدردی کی آڑ میں جیل سے بھاگنے والے مجرم کے ساتھ بند کمروں میں کیے جانے والے سمجھوتوں پر عمل کے لیے 24 کروڑ پاکستانیوں کو آئین، قانون ،انصاف، جمہوریت اور ووٹ کے حق سمیت تمام بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔

لاہور کا جلسہ حکومت کروا رہی ہے

کورکمیٹی کا کہنا ہے کہ عوام سے مسترد شدہ اس قومی مجرم کی ریاستی سرپرستی میں سیاسی رونمائی کیلئے ریاستی وسائل کے منہ کھول دیئے گئے ہیں اور سرکاری مشینری کو پوری طرح حرکت دے دی گئی ہے۔

لاہور کا جلسہ در اصل پاکستان مسلم لیگ نہیں بلکہ حکومت پاکستان اور اس کے ذیلی ادارے کروا رہے ہیں۔ پورے ملک میں گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے جبکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ سمیت پوری ریاستی مشینری کو اس قومی مجرم کے جلسے کو کامیاب بنانے کا ہدف سونپا گیا ہے۔

عوام کو غلام سمجھتے ہیں

کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ لوگ دراصل عوام کو غلام سمجھتے ہیں لیکن قومی مجرم کے سرپرست الٹے بھی لٹک جائیں تو اس جھوٹے اور بے حمیت شخص کو عوام سے قبولیت نہیں دلوا سکتے۔

تحریک انصاف میں کسی قسم کی تقسیم یا اختلاف کے تاثرات کی تردید

کور کمیٹی کے اجلاس میں تحریک انصاف میں کسی قسم کی تقسیم یا اختلاف کے تاثرات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ چئیرمین عمران خان کی قیادت اور ہدایات کی روشنی میں کور کمیٹی مکمل اتحاد، یگانگت، ہم آہنگی اور اتفاق رائے سے تنظیمی فیصلہ سازی کو آگے بڑھا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp