بھارت میں جاری آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے 21 ویں میچ میں آج دو سپر پاورز کا ٹکراؤ ہو گا۔ نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں آج بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیمیں اب تک ورلڈ کپ میں ناقابل شکست ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن، اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق دن 01:30 بجے شروع ہوگا۔

بھارت نے اب تک آسٹریلیا، پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان کو شکست دی ہے جبکہ نیوزی لینڈ نے نیدر لینڈز، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور افغانستان کو پچھاڑا ہے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ
بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اب تک ایک روزہ میچز میں 116 بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئی ہیں جن میں بھارت نے 55 میچز جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 46 میچز جیت رکھے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین 07 میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے اور ایک میچ برابر رہا۔
دھرم شالا میں دونوں ٹیموں کا اوسط اسکور
ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن، اسٹیڈیم میں بھارت کا ایک روزہ میچز میں اوسط اسکور 215 رنز جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کا اوسط اسکور 190 رنز ہے۔
ایک روزہ میچز میں اسکور کا ریکارڈ
بھارتی کرکٹ ٹیم نے اپنی ایک روزہ میچز کی تاریخ کا سب سے زیادہ اسکور سنہ 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا۔ دونوں ٹیموں کے مابین اندور میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے 05 وکٹوں کے نقصان پر 418 رنز بنائے تھے۔
کیویز نے اب تک اپنی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور آئر لینڈ کے خلاف سنہ 2008 میں بنایا تھا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 02 وکٹوں کے نقصان پر 402 رنز بنائے تھے۔
پچ رپورٹ
ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن، اسٹیڈیم کی پچ بیٹرز کے لیے زیادہ سازگار ہوگی تاہم پچ پر گھاس موجود ہے لیکن میچ سے پہلے اس کو کاٹ دیا جائے گا تو فاسٹ بولرز کو بھی مدد ملنے کا امکان ہے۔ اس پچ پر درمیان کے اوورز میں اسپن بولرز کا کردار انتہائی کلیدی ہو گا۔
اس گراؤنڈ پر اب تک سب سے زیادہ اسکور بنانے کا اعزاز انگلینڈ کو حاصل ہے انہوں نے رواں ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف 09 وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 364 رنز بنائے ہیں۔
موسم کی صوتحال
دھرم شالا میں کل کے میچ سے پہلے ہلکی بوندا باندی متوقع ہے جبکہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال
آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں ناقابل شکست ہیں اور 08 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 06پوائنٹس
کے ساتھ تیسرے اور آسٹریلیا کی ٹیم 04 پوائنٹس لے کر چوتھے نمبر پر ہے

بھارت کا اسکواڈ
روہت شرما (کپتان)، ہارڈک پانڈیا ، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، رویندرا جدیجا، شاردل ٹھاکر، جسپریت بمراہ، محمد سراج، کلدیپ یادو، محمد شامی، روی چندرن ایشون، ایشان کشن، سوریا کمار یادیو۔
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ
کین ولیمسن (کپتان)، ٹرینٹ بولٹ، مارک چیپ مین، ڈیون کونوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری، ٹام لیتھم، ڈیرل مچل، جمی نیشم، گلین فلپس، ریچن رویندرا، مچ سینٹنر، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی، ول ینگ۔