الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے تمام نئے اہل رائے دہندگان (ووٹرز) سے کہا ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا فوری اندراج کرائیں کیونکہ نئے ووٹرز کے اندراج، ان کے کوائف کی درستی اور ووٹوں کی منتقلی کا عمل بدھ کو بند ہوجائے گا۔
الیکشن کمیش آف پاکستان(ای سی پی) حکام کے مطابق اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کی جانب سے چلائے جانے والے سہولت ڈیسک اور اس کے ضلعی سطح کے دفاتر اس کام کو انجام دینے میں سرگرم عمل ہیں۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ 25 اکتوبر 2023 تک اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کے ڈیٹا کے مطابق اپنے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنانے کے لیے اپنا نام ووٹر لسٹوں میں درج کرانے یا ان میں موجود خامیوں کو درست کروائیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت 20 جولائی کو ووٹرز لسٹیں منجمد کی تھیں تاہم بعد میں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ووٹرز لسٹیں 25 اکتوبر 2023 تک غیر منجمد رہیں گی تاکہ تمام اہل افراد اپنے ووٹ کا اندراج کروا سکیں، 25 اکتوبر تک ووٹ کا اخراج، منتقلی اور شناختی کارڈ کے مطابق کوائف کی درستی کی جا سکتی ہے۔