قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے مایوسی کا شکار پاکستانی شائقین کرکٹ کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کرنے کے لیے بھارت میں موجود ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کی ہے اور کہا ہے کہ ہمیں شائقین کرکٹ کی توقعات کا انداز ہے، ’ابھی ہم ٹورنامنٹ میں موجود ہیں‘۔
بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کل افغانستان کے ساتھ اپنا میچ کھیلے گا۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے 4 میچوں میں حصہ لیا ہے جن میں سے 2 میں فتح اور 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
مزید پڑھیں
شاہین آفریدی نے کہاکہ ورلڈ کپ کے دوران آخری دو میچوں میں ٹیم نے بہت کچھ سیکھا ہے جس کی بنیاد پر اگلے میچوں میں رہنمائی ملے گی۔
قومی فاسٹ بولر نے کہاکہ ہم بے چین ہیں کہ کب شائقین کی توقعات پر پورا اتریں گے، شکست کو تسلیم کرنا چاہیے لیکن بہتری اس میں ہے کہ ٹیم سیکھ کر آگے بڑھے، انہوں نے آنے والے میچز کو پاکستان کے لیے اہم قرار دیا۔
شاہین شاہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ٹیم اس وقت اچھا کھیل پیش کر رہی ہے ہمیں کل ان کے خلاف میچ میں بھرپور پرفارمنس دکھانا ہوگی۔
شاہین شاہ آفریدی کا اسامہ میر کا دفاع
آسٹریلیا کے خلاف میچ میں 5 وکٹیں لینے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ نے کہاکہ چونکہ میرے علم میں تھا کہ بنگلور میں ہائی اسکور بنتا ہے، میں نے اپنی کوشش جاری رکھی اور لینتھ کا خیال رکھتے ہوئے بولنگ کرائی جس کی وجہ سے وکٹیں لینے میں کامیاب رہا۔
انہوں نے اسامہ میر کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ کیچ کا ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہے، اسامہ نے آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ میں پہلا میچ کھیلا، کیچز اہم ضرور ہوتے ہیں لیکن اس بنیاد پر کسی ایک کھلاڑی کو الزام نہیں دیا جا سکتا کہ اس کی وجہ سے میچ ہارے۔