پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال

اتوار 22 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی شروع کر دی جس کے بعد پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی، اسلام آباد، لاہور اور ملتان سے جدہ کے لیے پی آئی اے کی رکی ہوئی پروازیں طویل تاخیر کے بعد بالآخرروانہ ہو گئیں۔ اسلام آباد سے بھی ایک پرواز 12 گھنٹے کی تاخیر کے بعد ریاض کے لیے روانہ ہوئی۔

پی ایس او حکام کے مطابق پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند نہیں کی، جمعہ کی رات سے اب تک 64 فلائٹس کو فیول فراہم کیا جا چکا ہے، جمعہ کی شام پی آئی اے نے ہفتہ اور اتوار کے فیول کی مد میں 22 کروڑ روپے ادا کیے تھے اور فیول کے لیے 39 فلائٹس کی فہرست بھی دی تھی۔

پی آئی اے کو اس کی فراہم کردہ فہرست کے مطابق فلائٹس کے لیے فیول فراہم کیا جارہا ہے اور بچ جانے والی رقم سے پی آئی اے کو اس کے ڈیمانڈ کے مطابق فیول بھی فراہم کر دیا جائے گا تاہم پی آئی اے کی جانب سے بقیہ رہ جانے والی 6 کروڑ روپے رقم کے فیول کے مطابق فلائٹس کا شیڈول نہیں دیا جارہا۔

پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن بہت جلد مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا، ہفتہ کو پی آئی اے کی پروازوں سے متعلق حکام کا کہنا تھا کہ 21 اکتوبر کو 52 فلائٹس شیڈول تھیں تاہم صرف 4 پروازیں اڑان بھر سکیں، اسی طرح اتوار اور پیر کو چین، ملائشیا، کینیڈا اور ترکی سمیت اندرون ملک شہروں کے لیے 29 فلائٹس شیڈول تھیں تاہم ابھی تک ایک فلائٹ اڑان بھر سکی ہے۔

اس سے قبل پی آئی اے ترجمان نے کہا تھا کہ پی آئی اے نے گزشتہ روز پی ایس او کو 22 کروڑ روپے کی ادائیگی کی تھی اور اتوار کو آپریشنز میں تعطل کے باعث ادائیگی نہیں کی جا سکی۔

واضح رہے کہ پی ایس اونے گزشتہ ہفتے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو فیول کی فراہمی روک دی تھی جس کے نتیجے میں پی آئی اے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp