گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 400 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ فلسطینی میڈیا ایجنسی وفا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں کم از کم 4651 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیل میں 7 اکتوبر سے اب تک 1400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
القدس اسپتال کو ’کسی بھی وقت‘ بمباری کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے، ہلال احمر
اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر گزشتہ رات سے بمباری تیز کر دی ہے اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ اور غزہ کے الشفا اور القدس اسپتال کے قریب فضائی حملوں کی اطلاعات ہیں۔ قبل ازیں فلسطینی ہلال احمر کے میڈیا ڈائریکٹر نے ’الجزیرہ‘ کو بتایا تھا کہ القدس اسپتال کو ’کسی بھی وقت‘ بمباری کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، برطانیہ اور امریکا کا اسرائیلی حمایت کا اعادہ
کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، برطانیہ اور امریکا کے رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں اسرائیل کی حمایت کا اعادہ اور بین الاقوامی انسانی قوانین پر عمل کرنے اور شہریوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
مشرق وسطیٰ میں تنازع کے پھیلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں، امریکا
امریکا نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل حماس جنگ کے دوران امریکی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا تو وہ جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے کیونکہ مشرق وسطیٰ میں تنازع کے پھیلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔