بلاول بھٹو نے ملک میں فوری عام انتخابات کی تاریخ دینے کا مطالبہ کر دیا

پیر 23 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں فوری انتخابات کی تاریخ دی جائے، الیکشن میں تاخیر کا مطلب ملک میں انتخابات سے انکار کے مترادف ہے۔

آئین پاکستان کے 50 برس مکمل ہونے پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں آمریت کا دروازہ بند ہونے کے بعد ایک نئی طرز کی آمریت کا آغاز ہو گیا۔

’میرے پاس ملک میں فوری انتخابات کے شیڈول کا مطالبہ کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں‘۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ ملک میں فری اینڈ فیئرانتخابات کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے، الیکشن کا مطالبہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔

انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے ڈکٹیٹر شپ کے خلاف اور آئین کی بالادستی کے خلاف اپنا کردار ادا کیا مگر 2009 میں جب عوامی دباؤ پر عدلیہ کو بحال کیا گیا اس کے بعد عدلیہ میں تکبر آ گیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ایک ہی ادارہ سب کا احتساب کرے، ہر سیاستدان کی جانب سے خود کو احتساب کے لیے عدلیہ کے سامنے پیش کیا گیا مگر عدلیہ خود اپنے احتساب کی قائل نہیں ہے۔

پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کے فیصلے کے بعد امید کی کرن نظر آئی

انہوں نے کہاکہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کے فیصلے کے بعد ہمیں امید کی کرن نظر آئی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کسی بھی ریاست کی روح آئین میں ہوتی ہے، ایک وقت تھا جب قوم کے منتخب وزرائے اعظم کو عدلیہ نے گھر بھیجا۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہاکہ پارلیمنٹ اور عدلیہ کے درمیان اتفاق رائے ناگزیر ہے، میں مایوس نہیں ہوں بہت کچھ سیکھ لیا ہے، ضروری ہے کہ سیاسی جماعتوں پر عوام کا اعتماد بحال کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں آج یہاں قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کے لیے انصاف مانگنے آیا ہوں، ذوالفقار علی بھٹو کا ریفرنس سپریم کورٹ میں پڑا ہے اس پر سماعت ہونی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp