سابق وزیراعظم و قائد پاکستان مسلم لیگ ن نوازشریف نے 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر استقبال کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ 21 اکتوبر کو تاریخی استقبال اور مینار پاکستان پر ایک ناقابل فراموش اجتماع منعقد کرنے پر عوام، خاص طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور ملک بھرسے تشریف لانے والے نوجوانوں، خواتین سمیت تمام کارکنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
21 اکتوبر کو تاریخی استقبال اور مینار پاکستان پر ایک ناقابل فراموش اجتماع منعقد کرنے پر عوام، خاص طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنماؤں اور ملک بھرسے تشریف لانے والے نوجوانوں، خواتین سمیت تمام محترم کارکنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آپ کی محبت، محنت اور خلوص میرا قیمتی…
— Nawaz Sharif (@NawazSharifMNS) October 23, 2023
نوازشریف نے کہاکہ عوام کی محبت، محنت اور خلوص میرا قیمتی اثاثہ تھا، ہے اور رہے گا۔ اللّٰہ تعالیٰ کے فضل اور آپ کے جذبے کے طفیل پاکستان اور عوام پھر سے بحرانوں سے نجات پائیں گے۔
واضح رہے کہ قائد پاکستان مسلم لیگ ن نوازشریف تقریباً 4 سال بعد 21 اکتوبر کو وطن واپس پہنچے ہیں، نوازشریف کا وطن واپسی پر ملک بھر سے آئے کارکنوں نے استقبال کیا۔
وطن واپسی کے موقع پر مینار پاکستان لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کسی سے انتقام نہیں لینا چاہتے، ان کی خواہش ہے کہ ملک ترقی کرے۔
نوازشریف نے وطن واپسی پر اپنے خطاب میں سیاسی مخالفین پر تنقید سے گریز کیا اور ایک روڈ میپ دیا کہ کس طرح بحرانوں کا شکار ملک کو آگے لے جایا جا سکتا ہے۔
قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ مشکلات ضرور ہیں لیکن ہم ان سے نکل آئیں گے، ہمیں ڈبل اسپیڈ سے دوڑنا ہو گا۔