پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیا کے معمر ترین کتے ’بوبی‘ کی ہفتہ کے روز موت واقع ہوگئی، اس کی عمر 31 سال اور 165 دن تھی۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں برس 4 فروری کو بوبی کا نام کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ بک میں دنیا کے معمر ترین کتے کے طور پر درج کیا گیا تھا، اس وقت بوبی کی عمر 30 سال 269 دن تھی۔
بوبی وسطی پرتگال کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہوا ، یہ رافیرو ڈو الینتیجو کی خالص نسل سے تعلق رکھنے والا کتا تھا۔ اس کے مالک لیونل کوسٹا کا کہنا ہے کہ اس نسل کے کتوں کی زیادہ سے زیادہ متوقع عمر 12 سے 14 سال ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بوبی کی پیدائش کے وقت ان کے گھر میں جانوروں کی اچھی خاصی تعداد تھی اور ان کے والد عموماً نئے پیدا ہونے والے پلوں کو دفن کر دیتے تھے، بوبی کے بہن بھائیوں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا مگر خوش قسمتی سے لیونل کے والد کی لکڑیوں کے پیچھے چھپے بوبی پر نظر نہ پڑی، کچھ دن بعد لیونل اور اس کے بھائیوں کو بوبی کی موجودگی کا علم ہوا اور انہوں نے اسے پالنے کا ارادہ کیا۔
مزید پڑھیں
لیونل نے مزید بتایا کہ بوبی ایک پرامن اور خوش مزاج کتا تھا جسے کبھی باندھا نہیں گیا، انہوں نے کہا کہ بوبی کی طویل عمر کا راز یہ بھی ہے کہ اس نے ہمیشہ انسانوں والا کھانا کھایا، بوبی کے دنیا بھر میں فینز موجود تھے، مرنے سے پہلے بھی بوبی کو واک کا شوق تھا مگر اس کے جسم کے بال اتر رہے تھے اور اس کی نظر بھی کمزور ہو چکی تھی۔
بوبی کی گزشتہ برس 30 ویں سالگرہ منائی گئی تھی جس میں 100 سے زیادہ افراد نے شرکت کی تھی۔ اس وقت بوبی نے دنیا کے معمر ترین کتے کا اعزاز پایا تھا، اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا میں ایک کتے کا تھا جو 1939 میں 29 سال 5 ماہ کی عمر میں مر گیا تھا۔