اسٹیٹ بینک کے آئی ٹی برآمد کنندگان اور فری لانسرز  کے لیے نئے اقدامات متعارف 

پیر 23 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکسپورٹرز اور فری لانسرز کی سہولت کے لیے نئے اقدامات متعارف کرائے ہیں تاکہ آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات کی برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔

 اسٹیٹ بینک نے آئی ٹی برآمد کنندگان کی ایکسپورٹرز اسپیشلائزڈ فارن کرنسی اکاؤنٹس (ای ایس ایف سی اے) میں اپنی برآمدی آمدنی کا 35 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کردیا ہے جبکہ ای ایس ایف سی اے میں دستیاب بیلنس کے استعمال کو آسان بناتے ہوئے آئی ٹی برآمد کنندگان کو اسٹیٹ بینک یا بینکوں کی منظوری کے بغیر ان اکاؤنٹس سے ادائیگی کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

پیر کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بینکوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ڈیبٹ کارڈ کے اجرا میں سہولت فراہم کریں ، جس سے آئی ٹی برآمد کنندگان اپنے ای ایس ایف سی اے میں دستیاب بیلنس سے آن لائن ادائیگی کرسکیں۔

 فری لانسرز کے لیے ایک نیا فریم ورک بھی متعارف کرایا گیا ہے تاکہ ان کے بینک اکاؤنٹس کھولنے میں مزید آسانی ہو اور ان کے غیر ملکی کرنسی (ایف سی وائی) کھاتوں میں زیادہ رقم رکھنے کی اجازت دی جا سکے۔

 اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ فری لانسرز اب کم سے کم دستاویزات کے ساتھ اپنی پسند کے بینک میں اکاؤنٹس ڈیجیٹل اور باضابطہ طور پر کھول سکیں گے۔

 نئے متعارف کرائے گئے اقدامات کے تحت فری لانسرز اپنی برآمدی آمدنی کا 50 فیصد یا ماہانہ 5,000 امریکی ڈالر اپنے ای ایس ایف سی اے میں رکھ سکتے ہیں اور اسٹیٹ بینک یا بینکوں کی منظوری کے بغیر ان اکاؤنٹس سے تمام ادائیگیاں کر سکتے ہیں۔

مالی سال 24 کے لیے اسٹیٹ بینک کا تخمینہ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مالی سال 2024 کے لیے نیا تخمینہ جاری کیا ہے جس میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کا 7 سے 8 فیصد رہے گا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 0.5 فیصد سے کم ہو کر 1.5 فیصد رہ جائے گا۔

جی ڈی پی 2 سے 3 فیصد ، افراط زر 20-22 فیصد جب کہ  ترسیلات زر 25.5 سے 26.5 ارب ڈالر رہیں گے، برآمدات 28 سے 29 ارب ڈالر رہیں گی جب کہ درآمدات 50 بلین سے 52 بلین ڈالر رہیں گی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق زرعی شعبے میں کپاس اور چاول کی پیداوار میں مثبت اشارے ملے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp