کرکٹ میں کچھ بھی ہو سکتا ہے، بابر اعظم کی افغان ٹیم کو جیت پر مبارکباد

پیر 23 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورلڈ کپ کے اہم میچ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد کہا ہے کہ آج کی شکست سے ٹیم کو بہت دکھ پہنچا، ہم نے بولنگ اور فیلڈنگ میں کارکردگی نہیں دکھائی۔

افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 283 رنز کا ہدف باآسانی 49.2 اوورز میں حاصل کر لیا اور اس کے صرف 2 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ آج کے میچ میں جیت کے بعد افغانستان کی ٹیم نے ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔

ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں افغانستان کی ٹیم نے پہلی بار پاکستانی ٹیم کو ہرایا ہے، میگا ایونٹ میں افغان ٹیم کا یہ دوسرا بڑا اپ سیٹ ہے، اس سے قبل انگلش ٹیم کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے افغان کرکٹ ٹیم کو جیت کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کرکٹ ایسی گیم ہے جس میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

اگلے تمام میچز جیتنے کی کوشش کریں گے، بابر اعظم

قومی کپتان کہتے ہیں کہ آج کے میچ میں اسپنرز مڈل اوورز میں اچھے اوور کرنے میں ناکام رہے، اب اگلے تمام میچز جیتنے کی کوشش کریں گے۔

بابر اعظم نے کہا کہ کپتانی کا کوئی بوجھ نہیں، یہ تاثر بھی غلط ہے کہ بھارت سے شکست کے بعد ہم دباؤ سے نہیں نکل سکے۔

خود پر ہونے والی تنقید پر بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کے حوالے سے مجھے کوئی علم نہیں۔

واضح رہے کہ آج کا میچ ہارنے کے بعد قومی ٹیم کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے بہت محنت درکار ہے، اگلے میچز میں سے تمام میچ جیتنے اب لازمی ہو گئے ہیں، ایک میچ میں بھی شکست پاکستانی ٹیم کو ایونٹ سے باہر کر دے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp