غزہ جنگ: امریکا سمیت مغربی طاقتوں نے ایران، حزب اللہ کو پیغامات بھیجنا شروع کردیے

منگل 24 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کو 2 پیغامات بھیجے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ وہ اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ کا دائرہ وسیع کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔

ایرانی دارالحکومت تہران میں آرمینیا، آذربائیجان، روس اور ترکی کے ساتھ ‘3+3’ علاقائی پلیٹ فارم کے دوسرے اجلاس کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے امیر عبداللہیان نے کہا کہ امریکا اور مغربی ممالک نے لبنانی گروپ حزب اللہ کو متعدد پیغامات بھیجے ہیں کہ وہ اسرائیل کے خلاف ایک نیا محاذ نہ کھولے۔

امریکا نے ایران کو بھی 2 پیغامات بھیجے ہیں۔ پہلے پیغام میں کہا گیا ہے ’ہم جنگ کو بڑھانا نہیں چاہتے‘۔ دوسرے میں انہوں نے ایران سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کو کہا۔

امریکا کا دعویٰ ہے کہ وہ جنگ کو بڑھانا نہیں چاہتا لیکن دوسری طرف اس نے غزہ میں فلسطینی شہریوں، بچوں اور خواتین پر ہتھیاروں سے حملوں کی حمایت کا ثبوت دیا۔ امریکا نے یہ ہتھیارابھی دو ہفتے قبل ہی بھیجے ہیں۔

ایرانی وزیرخارجہ  نے کہا کہ ایران نے کھل کر اسرائیلی قبضے کے خلاف فلسطینی مزاحمت کی حمایت کا اعلان کیا ہے، تہران اسرائیل کے خلاف فلسطین کی سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ غزہ میں تنازعہ 7 اکتوبر کو اس وقت شروع ہوا جب فلسطینی گروپ حماس نے آپریشن الاقصیٰ فلڈ شروع کیا۔ یہ زمین، سمندر اور فضا سے ایک کثیر الجہتی اچانک حملہ تھا جس میں راکٹ داغے گئے اور فلسطینی مزاحمت کاروں کی ایک بڑی تعداد اسرائیل میں داخل ہوگئی تھی۔

کہا جاتا ہےکہ یہ دراندازی مسجد اقصیٰ پر حملے اور فلسطینیوں پر اسرائیلی آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد کا بدلہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp