کرکٹ ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری، بنگلا دیش کو بھی شکست دیدی

منگل 24 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹ کے عالمی مقابلے بھارت میں جاری ہیں، آج کے میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلا دیش کو 149 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی ہے۔

بھارتی شہر ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 382 رنز اسکور کیے، جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 46.4 اوورز میں 233 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کی بیٹنگ

جنوبی افریقہ کے بیٹر ڈی کوک نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 174 رنز بنائے جبکہ ہینرک کلاسن نے 49 گیندوں پر 90 رنز بنا ڈالے۔

جنوبی افریقی ڈیوڈ ملر نے 34، ایڈن مارکرم 60 ، ہینڈرکس 12 اور وین ڈر ڈوسن نے ایک رن اسکور کیا اور یوں بنگلا دیش کی ٹیم کے سامنے رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔

جنوبی افریقہ کے بیٹرز نے بنگلادیشی بولرز کی ایک نہ چلنے دی، بنگلا دیش کی جانب سے حسن محمود نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہمہدی حسن، شریف الاسلام اور شکیب الحسن ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھانے میں کامیاب ہوئے۔

بنگلا دیش کی بیٹنگ

بنگلا دیش کی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی صرف ایک بیٹر محمد اللہ وکٹ پر جم کر کھیل سکے جنہوں نے 111 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس کے علاوہ لٹن داس 22، حسن محمد 15 اور مشفیق الرحیم 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے جیرالڈ کوئٹزی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس کے علاوہ مارکو جینسن، کاگیسو ربادا نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بنگلہ دیش کیخلاف حالیہ بدترین ریکارڈ سے جان چھڑالیں گے، مارکرم

بنگلا دیش کے خلاف آخری 4 میں سے 3 میچز میں جنوبی افریقہ کو شکست کا سامنا رہا ہے۔ جنوبی افریقی بیٹر ایڈن مارکرم کا کہنا ہے کہ ہم نے ماضی میں بنگلہ دیش کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور یہی بات ہماری حوصلہ افزائی کرے گی کہ ہم ان کے خلاف بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کریں۔

میچ سے قبل ممبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقی بیٹر ایڈن مارکرم کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں بنگلا دیش کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا کوشش ہو گی کہ اس بار بہترین پرفارمنس دکھائیں، ہماری کوشش ہوگی کہ بنگلا دیش کے خلاف اسی کارکردگی کو دہرایا جائے جو انگلینڈ کے خلاف پیش کی تھی۔ ہماری توجہ معیاری کھیل کا مظاہرہ کرنے پر مرکوز ہوگی۔ ہم منصوبہ بندی کے مطابق کھیلنے میں کامیاب ہوگئے تو اس دن یہ ہمارے لیے کافی ہوگا۔

ایڈن مارکرم نے بنگلا دیش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین ٹیم ہے اور آپ نے بنگلہ دیش جیسی ٹیم کے خلاف اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کیا تو پھر آپ کافی دباؤ میں آجائیں گے۔

جنوبی افریقہ اسکواڈ

آج کے میچ کے لیے جنوبی افریقہ کے اسکواڈ میں کوئنٹن ڈی کوک( وکٹ کیپر)، ٹیمبا باووما (کپتان)، ریزا ہینڈرکس، راسی وان ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جینسن، جیرالڈ کوئٹزی، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور لونگی نگیڈی شامل تھے۔

بنگلہ دیش اسکواڈ

بنگلہ دیش کی ٹیم میں شکیب الحسن (کپتان)، تنویر حسن، لٹن داس، نجم الحسین شانتو، توہید ہردوئی، مشفق الرحیم، مہدی حسن معراج، محمود اللہ، حسن محمود، شرف الاسلام اور مستفیض الرحمان شامل تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp