جیت باقی ممالک سے نکالے گئے افغانوں کے نام بھی کریں، پاکستانی نژاد افغان اداکارہ کا افغان کرکٹر کو جواب

منگل 24 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افغانستان کے بلے باز ابراہیم زدران نے گزشتہ روز پاکستان سے جیت کے بعد مین آف دی میچ کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے اپنی جیت کو غیر قانونی مقیم افغانوں کے نام کیا تھا۔

ابراہیم زدران کے اس عمل پر شدید رد عمل دیکھنے میں آیا۔ اب افغان نژاد پاکستانی اداکارہ و ماڈل نجیبہ فیض نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے افغان کھلاڑی پر تنقید کی ہے۔

نجیبہ فیض کا کہنا تھا کہ افغان کرکٹر نے اپنی ٹیم کی جیت اور ایوارڈ پاکستان سے واپس جانے والے مہاجرین کے نام کر دیا۔ اب بھی لاکھوں رجسٹرڈ افغان ہیں، جو اس مہم کے بعد پاکستان میں رہ رہے ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سمجھنا کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے کہ ہر ملک کے اپنے اور غیر ملکی شہریوں کے لیے قوانین ہوتے ہیں، پاکستان معاشی اور سلامتی کی خراب صورتحال سے دوچار ہے، وہ  ہمارے نہیں اپنے مفادات کا خیال رکھے گا۔

اداکارہ نے کہا کہ اگر آپ نے اس کھیل کی جیت کو سیاسی کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو براہ کرم اسے ان تمام پناہ گزینوں کے لیے وقف کریں جنہیں ایران، ترکی، امریکا، کینیڈا اور یورپ سے ملک بدر کیا جا رہا ہے۔

ایک صارف نے افغان کرکٹر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کو برا بھلا کہتے ہیں لیکن یہاں سے جانا بھی نہیں چاہتے، آخر یہ لوگ چاہتے کیا ہیں۔

ماجد گل اداکارہ نجیبہ فیض کی تعریف کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ غیر جانبدار آواز سن کر اچھا لگا، وہ تمام لوگ جو پاکستان پر تنقید کر رہے ہیں وہ یہ اعدادو شمار دیکھیں کہ پاکستان میں اور باقی دنیا میں کتنے قانونی اور غیر قانونی افغان مہاجرین مقیم ہیں۔

https://twitter.com/Majid_gul1/status/1716672885513932971?s=20

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سے جیت کے بعد افغان بلے باز ابراہیم زدران کا کہنا تھا کہ میں یہ ایوارڈ ان لوگوں کے نام کرنا چاہتا ہوں جو غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے اور اب انہیں واپس افغانستان بھیجا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp