کرکٹ ورلڈ کپ کا دوسرا مرحلہ: پہلے مرحلے کے سلطان کون؟

منگل 24 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں جاری آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔  عالمی کپ میں اب تک 23 میچز مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 06 ٹیمیں اپنے نصف یعنی 05 میچز مکمل کر چکی ہیں۔

ورلڈ کپ میں اب تک کی کارکردگی

رواں ورلڈ کپ میں اب تک افغانستان کی ٹیم نے سب سے زیادہ متاثر کن کارکرردگی دکھائی ہے انہوں نے ورلڈ کپ میں دو بڑے اپ سیٹ کیے ہیں۔ افغانستان کی ٹیم نے پہلا اپ سیٹ انگلینڈ کے خلاف میچ جیت کر کیا جب کہ دوسری بڑی فتح پاکستان کے خلاف حاصل کی۔

میزبان بھارت کی ٹیم 05 میچز کھیل کر ناقابل شکست ہے اور ورلڈ کپ کی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔

سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز

جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک ورلڈ کپ کے 23 میچوں کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ بائیں ہاتھ کے جارح مزاج بیٹر نے اب تک 05 میچوں میں 81.40 کی اوسط سے 407 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے اب تک 03 سنچریاں بھی اسکور کر لی ہیں۔

بھارت کی رن مشین ویرات کوہلی 118.00 کی اوسط سے 354 رنز بنا کر دوسری پوزیشن پر ہیں۔ انہوں نے اب تک ایک سنچری اور 03 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے 62.20 کی اوسط سے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 311 رنز بنا کر اس لسٹ میں تیسری پوزیشن پر قبضہ کر رکھا ہے۔

پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے اب تک 05 میچوں میں 75.50 کی اوسط سے 302 رنز بنائے ہیں اور اس لسٹ میں ان کا نمبر 04 ہے۔ انہوں نے اب تک ایک سنچری اور ایک نصف سنچری بنائی ہے۔

بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر راچن راویندرا 05 میچوں میں 72.50 کی اوسط سے 290 رنز بنا کر 05 ویں پوزیشن پر ہیں۔  انہوں نے اب تک ایک سنچری اور 02 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔

سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز

بولرز میں نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر کا راج ہے۔ بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ کرنے والے کیوی بولر نے اب تک پانچ میچوں میں 16.91 کی اوسط سے 12 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ہے۔ مچل سینٹنر نے ایک بار 05 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔

دوسرے نمبر پر میزبان بھارت کے فاسٹ بولر جسپریپ بمراہ ہیں جنہوں نے 05 میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کی ہیں اور ان کی بولنگ کی اوسط 16.27 ہے۔

سری لنکا کے دلشان مدہو شنکا 04 میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کر کے تیسری پوزیشن پر ہیں۔

کیوی فاسٹ بولر میٹ ہنری نے اب تک 05 میچوں میں 21.70 کی اوسط سے 10 کھلاڑی آؤٹ کیے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے کگیسو رباڈا 05 میچوں میں 21.90 کی اوسط سے 10 وکٹیں حاصل کر کے 05 ویں پوزیشن پر ہیں۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں کل 48 میچز کھیلے جائیں گے۔ میگا ایونٹ کا فائنل 19 نومبر کو نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم، احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp