ورلڈ کپ 2023: آسٹریلیا نے نیدر لینڈز کو 309 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دیدی

بدھ 25 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں کھیلے جا رہے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 24ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیدر لینڈز کو 309 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دیدی۔ آج کے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیدرلینڈ کو 400 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں نیدرلینڈ کی کی پوری ٹیم 21 اوورز میں 90 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

نیدر لینڈز کے خلاف آسٹریلیا کی شاندار کامیابی  ایک روزہ کرکٹ میچوں کی تاریخ کی دوسری بڑی فتح بھی ہے، اس سےقبل بھارت نے سری لنکا کو 317 رنز سے شکست دی تھی۔

آسٹریلیا کی اننگز

بھارتی دارالحکومت دہلی ے ارن جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے نیدر لینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 کھلاڑی آؤٹ پر 399 رنز بنائے تھے۔

آسٹریلیا کے اوپننگ بیٹسمین مچل مارش 15 گیندوں پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کولن وین بیک نے مچل مارش کی وکٹ حاصل کی۔ اسٹیون سمتھ نے 68 گیندوں پر 71 رنز بنائے۔ آریان دت نے اسٹیون سمتھ کو آؤٹ کیا۔ مارنس لیبوشین نے 47 گیندوں پر 62 رنز بنائے اور باس ڈی لیڈے کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ جوش انگلس نے 12 گیندوں پر 14 رنز بنائے اور باس ڈی لیڈے کی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے  93 گیندوں پر 104 رنز بنائے اور کولن وین بیک کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

کیمرون گرین نے 11 گیندوں پر 8 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہو گئے۔

گلین میکسویل نے ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری بنائی اور 44 گیندوں پر 106 رنز بناکر کولن وین بیک کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

نیدر لینڈز کی اننگز

آسٹریلیا کے 399 رنز کے جواب میں نیدر لینڈز نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

اوپنر میکس او ڈاؤڈ 9 بالز پر 6 رنز بنا کر اسٹارک کی گیند پر بولڈ آؤٹ ہوئے، وکرم سنگھ 25 گیندوں پر 25 رنز بنا کر میکس ویل کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے، کولن ایکرمین نے 11 بالز پر 10 رنز بنائے، انہیں ہیزل ووڈ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

نیدر لینڈز کے سائبرینڈ اینجلبرچٹ 21 بالز پر 11 رنز بنا کر مارش کی گیند پر وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، باس ڈی لیڈے 7 گیندوں پر 4 رنز بنا سکے، انہیں کمنز نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

تیجا ندامانورو 18 گیندوں پر 14 رنز بناکر مارش کی گیند پر انگلیس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، لوگن وین بیک، رولوف وین ڈیر مروے اور پال وین میکرین کوئی رن اسکور نہ کر سکے اور تینوں زمپا کا شکار ہوئے، آرین دت نے ایک رن بنایا، انہیں بھی زمپا نے اپنا شکار بنایا۔

کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 22 گیندوں پر 12 رنز بنائے اور بغیر آؤٹ ہوئے پویلین لوٹے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، مارک اسٹوئنس میچ نہیں کھیلیں گے۔

اس موقع پر نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو بولنگ ہی کرتے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

دونوں ٹیمیں اب تک اس ورلڈ کپ میں چار چار میچز کھیل چکی ہیں، آسٹریلیا نے دو جبکہ نیدر لینڈز نے ایک میچ جیتا ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

آسٹریلیا اور نیدر لینڈز کی ٹیمیں ایک روزہ میچز میں اب تک 02 بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئی ہیں اور دونوں ہی میچز آسٹریلیا نے جیتے ہیں۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

پیٹ کمنز (کپتان)، اسٹیو اسمتھ، الیکس کیری، جوش انگلیس، سین ایبٹ، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبوشینگ، مچل مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ وارنر، ایڈم زمپا، مچل اسٹارک۔

نیدر لینڈز کا اسکواڈ

سکاٹ ایڈورڈز (کپتان)، میکس او ڈاؤڈ، باس ڈی لیڈے، وکرم سنگھ، تیجا ندامانورو، پال وین میکرین، کولن ایکرمین، رولوف وین ڈیر مروے، لوگن وین بیک، آرین دت، ریان کلین، ویسلے بیریسی، ثاقب ذوالفقار، شاریز احمد، سائبرینڈ اینجلبرچٹ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp