بلوچستان کے ہنر مند نوجوان ملازمت کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟

بدھ 25 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملکی آبادی اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کی تعدادِ میں ہر گزرتے سال کے ساتھ اضافے کی وجہ سے نوکریوں کے مواقع کم سے کم تر ہوتے جارہے ہیں۔ ان حالات میں بلوچستان، جہاں نجی شعبہ جات اور صنعتیں نہ ہونے کے برابر ہیں، میں روزگار حاصل کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔

صوبے کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بھی تعلیمی سفر مکمل کرنے کے بعد طویل عرصے تک بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہنرمند نوجوانوں کے لیے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں۔ تاہم اب یہ صورت حال زیادہ عرصہ تک برقرار نہیں رہے گی، اب بلوچستان کے ہنرمند نوجوانوں کے لیے روزگار حاصل کرنا بالکل مشکل نہیں ہوگا۔

چند روز قبل کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ اگر آپ کے پاس کوئی بھی ہنر ہے اور آپ نوکری کی تلاش میں ہیں تو کمشنر کوئٹہ آفس آپ کی مدد کر سکتا ہے۔ آپ دیے گئے لنک پر کلک کرکے اپنے آپ کو رجسٹر کروائیں، ہم آپ کی نوکری کا بندوبست کریں گے۔

اس معاملے سے متعلق وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی زیر نگرانی نوجوانوں کی مہارت کو روزگار میں تبدیل کرنے سے متعلق منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے جسے ’یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں ہم ڈیٹا اکھٹا کر رہے ہیں کہ نوجوانوں کے پاس کون کون سا ہنر ہیں۔ بعد ازاں اس میں دیکھا جائے گا کہ ان نوجوانوں کے ہنر کو کیسے استعمال میں لایا جاسکتا ہے جس کے بعد انہیں ہنرمندوں کو صنعتوں کے ساتھ منسلک کرکے روزگار فراہم کیا جائے گا۔

حمزہ شفقات نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت جن ہنر مندوں سے متعلق ملک میں مواقع موجود نہیں ہوں گے، ان ہنر مندوں کی مالی معاونت کرکے انہیں بیرون ملک بھی بھیجا جائے گا۔

حمزہ شفقات نے بتایا کہ اس پروگرام میں حکومت بلوچستان کا ایک روپیہ بھی نہیں لگے گا۔ وفاقی حکومت کا ادارہ نیفٹیک اس تمام تر پروگرام میں مالی معاونت فراہم کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ نیفٹیک کا ایک پروگرام جاری ہے جس میں نیفٹیک بلوچستان سالانہ 2 سے 3 ہزار ہنر مند نوجوانوں کو تیار کرتا ہے لیکن صوبے میں کوئی موثر ادارہ نہ ہونے کی وجہ سے یہ موقع نوجوان کو نہیں مل پاتا تاہم اب حکومت بلوچستان اپنے ہنر مندوں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے انہیں روزگار کا موقع فراہم کرے گی۔

 پروگرام میں اپلائی کرنے کا طریقہ کار

چیف منسٹر یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں اپلائی کرنے کے 2 طریقہ کار موجود ہیں ۔ پہلے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کے دفتر میں اپنی دستاویزات جمع کروائی جا سکتی ہیں دوسرا coip.balochistan.gob.pk‎ پر اپنی معلومات فراہم کر کے پروگرام میں اندراج کروایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس پروگرام میں گریجویشن جبکہ ڈپلومہ ہولڈر 30 نومبر تک اندراج کرسکتے ہیں جبکہ پروگرام کے تحت عمر کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp