کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور پشتونخوا میپ نے مشترکہ طور پر کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔
بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس کامران ملا خیل اور جسٹس اقبال کاسی نے کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات گزشتہ مردم شماری کے تحت کروائے جا رہے ہیں، گزشتہ مردم شماری کے تحت آبادی 22 لاکھ ہے جبکہ رواں مردم شماری میں یہ تعداد 26 لاکھ ہو گئی ہے۔
درخواست گزاروں کے مطابق 4 لاکھ افراد کے حق رائے دہی کے فرق سے انھیں ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کے صوبائی نمائندے کو طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کر دیے اور کیس کی سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔