ترکیہ کا اسرائیل کے ساتھ توانائی کے معاہدے پر بات چیت روکنے کا اعلان

جمعرات 26 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ نے اسرائیل کے ساتھ بحیرہ روم میں توانائی کی تلاش کے منصوبے عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ’بلومبرگ‘ کے مطابق ترکیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ بحیرہ روم میں اسرائیلی ادارے کے ساتھ  توانائی کی مشترکہ تلاش اور ترکیہ کے راستے یورپ کو گیس کی برآمدات کے منصوبوں کو عارضی طور پر روک رہا ہے، ترکیہ کی وزارت توانائی نے اس خبر کی تصدیق کر دی۔

اسرائیل ترکیہ کے بحیرہ روم کے راستے اپنی گیس آذربائیجان سے یورپ جانے والی پائپ لائن تاناپ کے ذریعے یورپ کو بیچنے کا خواہاں تھا تاہم اب ترکیہ کے اعلان کے بعد اسرائیل کے خواب پورے ہوتے نظر نہیں آ رہے ہیں۔

حماس دہشت گرد تنظیم  نہیں لبریشن گروپ ہے

دوسری طرف ترک صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا ہے کہ انقرہ حماس کو دہشت گرد تنظیم کے طور پر نہیں دیکھتا بلکہ اسے ‘اپنے ملک اور عوام کا دفاع کرنے والا لبریشن گروپ’ سمجھتا ہے۔

رجب طیب اردوان نے غزہ میں اسرائیل کے حملوں اور فلسطینیوں کے قتل عام کی توثیق پر مغربی طاقتوں پر سخت تنقید بھی کی اور کہا کہ ‘اسرائیل کے لیے بہائے جانے والے مغربی آنسو دھوکہ دہی کا مظہر ہیں۔’

طیب اردوان نے اسرائیل پر ترکی کے مثبت ارادوں سے فائدہ اٹھانے کا الزام لگایا اور کہا کہ انہوں نے غزہ پر جاری جارحیت کے باعث تل ابیب کا اپنا طے شدہ دورہ منسوخ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

رجب طیب اردوان کے بیان پر اسرائیل کا رد عمل

اسرائیلی وزارت خارجہ نے اردوان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے الفاظ ‘وہ وحشت جو دنیا نے دیکھی ہے’ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، اس حقیقت کے باوجود کہ اسرائیل نے ابھی تک غزہ میں کارروائیوں کے بارے میں اپنے سابقہ دعوؤں کی تصدیق کے لیے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے۔

ترکیہ، اسرائیل کے سفارتی تعلقات کب بحال ہوئے؟

2010 میں اس پٹی کی طرف جانے والے ترک فلوٹیلا(غزہ فریڈم فلوٹیلا)  پر اسرائیلی فورسز کے حملے کے بعد ترکیہ اور اسرائیل کے درمیان تعلقات میں تناؤ آ گیا تھا۔ اسرائیلی فوج کے حملے کے نتیجے میں، 9 کارکن مارے گئے تھے۔

تاہم حالیہ برسوں میں انقرہ نے پالیسی میں تبدیلی کی اور ‘تل ابیب’ اور عرب ممالک بالخصوص سعودی عرب کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کرنے کے لیے آگے بڑھا۔ ان کوششوں کے نتیجے میں ترکیہ کے 2022 میں ‘اسرائیل’ کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات بحال ہوئے اور رواں سال دونوں ممالک نے اپنے اپنے سفیر بھی تعینات کیے۔

مارچ 2022 میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے رجب طیب اردوان سے ملاقات کے دوران درخواست کی کہ وہ بحیرہ روم میں گیس کے کنوؤں سے ترکی کے راستے گیس پائپ لائن کا منصوبہ شروع کرے تاکہ یورپ تک گیس پہنچائی جا سکے،اس منصوبے کو امریکا کی حمایت بھی حاصل تھی۔

غزہ پر اسرائیل کے حملے، شہادتیں 6000 سے تجاور کر گئیں

غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت مسلسل تیسرے ہفتے میں داخل ہو گئی ہے، اسرائیل توپ خانے اور جنگی طیاروں سے غزہ پر مسلسل بمباری کر رہا ہے اور بے گناہ شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیل کے حملوں میں شہداء کی تعداد 6,546 ہو گئی ہے جن میں 2,704 بچے، 1,584 خواتین اور 364 بزرگ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 7 اکتوبر سے اب تک 17,439 شہری زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 344 بچوں سمیت 756 افراد شہید اور 1142 زخمی ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp