آئندہ انتخابات ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں، الیکشن کمیشن

جمعرات 26 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کے انٹرویو کے پس منظر میں آئندہ انتخابات ملتوی ہونے کے خدشات کو یکسر مسترد کردیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کی جانب سے گزشتہ روز ایک ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو کے دوران الیکشن کےانعقاد  کے ضمن میں تبصرے کے باعث یہ تاثر پیدا ہوا کہ شاید الیکشن ملتوی ہوجائیں گے۔

’الیکشن کمیشن  اس  تاثر کو زائل کرنے  کے لئے  اسکی پرزور تردید کرتا ہے کہ الیکشن  ملتوی ہونے کا  کوئی امکان ہے۔‘

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کمیشن اس سلسلے میں پہلے ہی اپنی پوزیش واضح کر چکا ہے، حلقہ بندی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور اعتراضات  دائر کرنے کا دوسرا مرحلہ کل یعنی 27اکتوبر 2023 کو مکمل ہو جائے گا۔

’اس کے ساتھ ہی  ابتدائی حلقہ بندی پر اعتراضات کی سماعت الیکشن کمیشن  30/31 اکتوبر سے  شروع کرے گا اور30نومبر 2023 کو الیکشن کمیشن  حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کر دے گا۔‘

ترجمان کے مطابق الیکشن کے انعقاد کے لیے ایکشن پلان کے مطابق الیکشن کمیشن کی تمام تیاریاں مکمل ہیں اور حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کے بعد انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ’اس میں کسی قسم کا  ابہام نہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp