پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آئندہ ہفتے سے اپنی سیاسی مصروفیات کا آغاز کر یں گے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو آئندہ انتخابات کی انتخابی مہم کے لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کر دی۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق انتخابی مہم کے تحت نواز شریف ملک بھر میں عوام کو متحرک کرنے کے لیے جلسے اور کنونشنز کریں گے، پارٹی تنظیموں نے قائد نواز شریف کے جلسوں کے لیے مقامات، تاریخوں اور دیگر امور پر مشاورت شروع کر دی ہے۔
نواز شریف نے پارٹی کی صوبائی تنظیموں کو جلسوں کے شیڈول اور انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے، ن لیگ کی صوبائی تنظیموں کی جانب سے نواز شریف کو اپنے اپنے اضلاع میں پہلے جلسے کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
ن لیگ پنجاب کی تنظیم کی جانب سے نواز شریف کو قصور میں پہلا جلسہ کرنے کی دعوت دی گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں صوبائی تنظیم کی جانب سے نواز شریف کو مانسہرہ میں جلسہ کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
نواز شریف سندھ اور بلوچستان کے دورے بھی کریں گے، پارٹی کی جانب سے تمام عہدیداروں، رہنماوں اور ٹکٹ ہولڈرز کو اپنے اپنے حلقوں میں فعال رہنے کی ہدایت کی گئی ہے
ذرائع کے مطابق شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز الگ الگ علاقوں میں جلسے کیا کریں گے۔