بشری بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا اوکاڑہ جیل میں بیمار پڑ گئے ہیں، دل میں شدید تکلیف کی شکایت کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں فوری پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر سجاد نے خاور مانیکا کا اوکاڑہ جیل میں طبی معائنہ کیا، میڈیکل رپورٹ کے مطابق خاور مانیکا کو دل میں شدید تکلیف کی شکایت ہے۔ خاور مانیکا ، بلڈ پریشر ، دل کی تکلیف اور دمہ کے مریض ہیں جبکہ انکی ای سی جی رپورٹ بھی ٹھیک نہیں آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ نے خاور مانیکا کو فوری پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کرنے کی تجویز دی ہے، تاہم خاور مانیکا کو تاحال پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں منتقل نہیں کیا گیا۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجابنے زمینوں پر قبضے کے مقدمے میں خاور مانیکا کو لاہور سے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد خاور مانیکا جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔
خاور مانیکا کی درخواست ضمانت
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے خاور مانیکا کی ضمانت کی درخواست کی سماعت 8 نومبر کو مقرر کردی ہے۔
خاور مانیکا کی درخواست ضمانت جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی متفرق درخواست پر سماعت جسٹس علی باقر نجفی نے کی۔ انہوں نے ہائیکورٹ آفس کو خاور مانیکا کی ضمانت بعد از گرفتاری کی سماعت 8 نومبر کو مقرر کرنے کی ہدایت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ خاور مانیکا دل کی تکلیف میں مبتلا ہیں، عدالت ان کی ضمانت کی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے۔