مکمل جنگ بندی تک اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہیں کر سکتے، حماس

جمعہ 27 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ غزہ میں مکمل جنگ بندی ہونے تک اسرائیل کے یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا جا سکتا۔

روسی اخبار کومرسنٹ کے مطابق حماس کے وفد نے روس کا دورہ کیا ہے، اس دورے کے موقع پر حماس کے وفد کے ایک رکن نے کہا ہے کہ اسرائیل پر 7 اکتوبر کے حملوں کے دوران یرغمال بنائے گئے افراد کو اس وقت تک رہا نہیں کیا جا سکتا جب تک غزہ میں مکمل جنگ بندی کا معاہدہ نہ ہو جائے۔

اخبار کے مطابق حماس کا مؤقف ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی بمباری سے اسرائیل کے اپنے ہی 50 یرغمالی مارے گئے ہیں، 7 اکتوبر کو حماس کے مختلف گروپس نے اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا تھا، یرغمالیوں کو تلاش کرنے کے لیے وقت درکار ہے۔

حماس کے وفد کے دورہ ماسکو پر اسرائیل کا رد عمل

اسرائیل نے حماس کے وفد کے دورہ روس پر روس کی مزمت کی ہے اور روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حماس کے وفد کو ملک بدر کرے۔

روس کا مؤقف ہے کہ اس کے مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک سے تعلقات اہم ہیں، جن میں اسرائیل، ایران، شام، فلسطینی اتھارٹی اور حماس شامل ہیں۔

روس نے مشرق وسطی کے موجودہ بحران پر امریکا کو مورد الزام ٹھہرایا ہے اور اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور تصفیہ کے لیے فریقین کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp