پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ: سابق بھارتی کھلاڑی اور شوبز ستارے امپائر کے فیصلے پر برس پڑے

جمعہ 27 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی مینز ورلڈکپ کے 26 ویں اور اہم ترین میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دےدی۔ جنوبی افریقہ نے پاکستان کا 271 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر 47.2 اوورز میں پورا کرلیا۔

مینز ون ڈے ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو ایک ورلڈکپ میں مسلسل 04 میچز میں شکست ہوئی ہے۔ رواں ورلڈکپ میں پاکستان نے نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کی لیکن پھر بھارت، آسٹریلیا ، افغانستان اور اب جنوبی افریقہ سے شکست ہوئی ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ اس وقت دلچسب بنا جب جنوبی افریقہ کے مڈل آرڈر بیڑ ایڈن مارکرم 41 ویں اوور کی دوسری گیند پر 91 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر کپتان بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت جنوبی افریقہ کی ٹیم کو جیت کے لیے 21 رنز درکار تھے۔ اس کے بعد شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تو جنوبی افریقہ کے 09 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے جبکہ انہیں جیت کے لیے مزید 11 رنز درکار تھے۔

حارث رؤف نے 46 ویں اوور کی آخری گیند پر جنوبی افریقہ کے کھلاڑی تبریز شمسی کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی مگر امپائر نے آؤٹ نہ دیا اور جب پاکستان نے ریویو لیا تو وہ ’امپائرز کال‘ پر ناٹ آؤٹ ہی رہا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر امپائر کے اس فیصلے کو دنیا بھر سے شائقین کرکٹ، شوبز ستاروں اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بھارت کے سابق اسپن بولر ہربھجن سنگھ نے امپائر کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’خراب امپائرنگ اور خراب اصولوں کی وجہ سے پاکستان کو اس میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اگر گیند وکٹوں پر لگ رہی ہے تو وہ آؤٹ ہے چاہے امپائر نے آؤٹ دیا ہے یا نہیں، اگر ایسا نہیں ہے تو پھر ٹیکنالوجی کے استعمال کی کیا ضرورت ہے؟‘۔


سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وائیڈ اور ایل بی ڈبلیو کا فیصلہ پاکستان کے خلاف گیا۔ جنوبی افریقہ کی قسمت اچھی تھی کہ وہ میچ جیت گیا۔

بولی ووڈ اسٹار آیوشمان کھرانا نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’بھائی یہ تبریز شمسی آؤٹ تھا‘۔


سابق جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ نے بھی ایمپائرنگ پر تنقید کی۔ ایکس پر ہربھجن سنگھ کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’بھجی میں آپ سے متفق ہوں لیکن کیا جنوبی افریقہ رسی وانڈر ڈوسن کے فیصلہ پر ایسے جذبات رکھ سکتا ہے؟۔

جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا کافی مشکل ہوگیا۔ گرین شرٹس نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور اسے 04 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پاکستان کے ابھی 03 میچز باقی ہیں، گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے قومی ٹیم کو اپنے بقیہ میچز جیتنے کے ساتھ دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

امپائرز کال کا قانون  کیا ہے؟

اگر ایل بی ڈبلیو کی اپیل پر آن فیلڈ امپائر نے آؤٹ دیا ہے تو بیٹنگ سائیڈ کی جانب سے ریویو لینے پر اگر گیند اسٹمپ کو لگ رہی ہو تو وہ ریویو کے بعد بھی آؤٹ ہوگا۔

لیکن اگر آن فیلڈ امپائر نے ایل بی ڈبلیو کی اپیل پر ناٹ آؤٹ دیا ہے اور فیلڈنگ ٹیم کی جانب سے ریویو لیا گیا تو گیند کے کم سے کم آدھے حصے کو اسٹمپ پر لگنا ضروری ہے تبھی حمتی فیصلے میں آؤٹ دیا جائے گا۔

اگر گیندکا آدھے سے کم حصہ بھی اسٹمپ کو لگا تو وہ امپائر کالز کہلائی جائے گی اور حتمی فیصلہ ناٹ آؤٹ ہی رہے گا جو کہ حارث رؤف کی گیند پر ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp