پی ٹی آئی کا آئندہ ہفتے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ

ہفتہ 28 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ ہفتے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کی ذیلی سیاسی کمیٹی کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں خصوصاً پیپلز پارٹی کے قائدین کے انتخابات کے انعقاد کے باب میں لیول پلیئنگ فیلڈ اور تحریک انصاف کی انتخابی عمل میں شمولیت کے حوالے سے بیانات کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔

اس حوالے سے سیاسی کمیٹی تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی ایک ذمہ دار شخصیت کی جانب سے تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر انتخابات کو تسلیم نہ کرنے کا بیان درست سوچ کا عکاس ہے۔

ملکی سیاسی جماعتوں کی جانب سے آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے یکساں مواقع کی فراہمی کی ضرورت پر زور مثبت رجحان ہے۔

سیاسی کمیٹی تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ’لندن معاہدے‘ کے تحت کسی بھی غیرآئینی و غیرجمہوری منصوبے کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کو مصنوعی اور غیرفطری انداز میں انتخابی عمل سے باہر کرنے کی کوششیں جمہوریت پر نہایت منفی اثرات مرتب کرے گی۔

کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی ’بلّے‘ کے انتخابی نشان کے ساتھ انتخابات میں بلاروک ٹوک شرکت انتخابات کی ساکھ اور شفافیت کے لیے ناگزیر ہے۔ پاکستان تحریک انصاف انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ، شفاف اور بلاتاخیر انعقاد کے باب میں ادا کیے گئے ہر مثبت کردار کا خیرمقدم کرے گی۔

سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ ہفتے سے دیگر سیاسی جماعتوں سے شروع کیے جانے والے روابط کے شیڈول پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اسے حتمی شکل دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp