وزارت قومی صحت،سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن نے پمز اور پولی کلینک اسپتال میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر (بی پی ایس 21 ) کی پوسٹ کے لیے وزارت دفاع سے پاکستان آرمی میڈیکل کور سے مساوی گریڈ کے آفیسرز کی 3 سال کے لیے تعیناتی کی درخواست کر دی ہے۔
مزید پڑھیں
وزارت قومی صحت،سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی جانب سے وزارت دفاع پاکستان کے سیکرٹری کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر (بی ایس-21) کے عہدے کے لیے معیاری شرائط و ضوابط کے تحت مساوی گریڈ کے اہل اور قابل ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی خدمات پیش کی جائیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد اور فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک اسپتال(ایف جی پی سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر (بی ایس 21) کے عہدے کسی اہل افسر کی عدم دستیابی کی وجہ سے خالی پڑے ہیں۔
خط کے مطابق چوں کہ پمز اور پولی کلینک اسلام آباد ضلع میں سب سے اہم کیئر اسپتال ہیں، لہٰذا ایسے ادارے کو کسی اہل سربراہ کے بغیر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ اسلام آباد میں عوام کے لیے بڑے پیمانے پر صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے عبوری انتظام کے طور پر پاکستان آرمی میڈیکل کور سے ان آسامیوں کو پر کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پمز اور پولی کلینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدوں پر بھرتی کے لیے قواعد کی کاپی بھی اس درخواست کے ساتھ منسلک کی گئی ہے۔ لہٰذا درخواست کی جاتی ہے کہ پمز اور ایف جی پی سی میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر(بی ایس 21) کے عہدے پر تعیناتی کے لیے پاکستان آرمی میڈیکل کور سے مساوی گریڈ یعنی بی ایس 21 کے اہل اور قابل افسر کو 3 سالوں کے لیے ان اسپتالوں میں تاحکم ثانی معیاری شرائط و ضوابط کے تحت تعینات کرنے کی منظوری صادر فرمائی جائے۔
درخواست کے آخر میں لکھا گیا ہے کہ یہ معاملہ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کے سیکرٹری کی منظوری سے پیش کیا گیا ہے۔