حماس کے ساتھ زمینی جنگ طویل اور مشکل ہوگی: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو

اتوار 29 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں زمینی کارروائی دوسرے مراحل میں داخل ہو چکی ہے، یہ حماس کے ساتھ طویل اور مشکل جنگ ہوگی۔

اسرائیلی وزیراعظم نے نیشنل ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی زمینی فورسز غزہ میں داخل ہو گئی ہیں اور کمانڈرز غزہ کی پٹی میں ہر جگہ تعینات ہیں۔ حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کے اہلخانہ سے ملاقات کی جو غزہ پر حملوں میں شدت آنے پر تشویش کا شکار ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ مغویوں کی بازیابی فوج کے اہداف کا اہم حصہ ہے۔ غزہ شہر پر پمفلٹ گرائے گئے ہیں جس میں رہائشیوں کو کہا گیا ہے کہ یہ علاقہ میدان جنگ ہے اور وہ جنوب کی طرف ہجرت کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 1400 افراد ہلاک جبکہ 229 افراد کو یرغمال بنایا گیا ہے، اس لیے اسرائیل غزہ پر بمباری کر رہا ہے۔

غزہ میں اموات کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر گئی: وزارت صحت

غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ 7 اکتوبر کو اسرائیل حماس تنازع کے آغاز کے بعد سے غزہ میں 8 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت نے خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ اسرائیلی جارحیت سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں سے نصف تعداد بچوں کی ہے۔  وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ کی پٹی میں اسرائیلی گولہ باری اور فضائی حملوں میں 110 ڈاکٹروں سمیت طبی عملے کے دیگر افراد بھی شہید ہو چکے ہیں۔

کیا مغرب پھر صلیب و ہلال کی جنگ چاہتا ہے؟ ترک صدر رجب طیب اردوان

ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کی وحشیانہ بمباری پر خاموش تماشائی بننے والے ممالک کے دوہرے معیار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہےکہ کیا مغرب ایک بار پھر صلیب اور ہلال کی جنگ چاہتا ہے، اگر مغرب نے ایسی کوشش کی تو جان لےکہ ترکیے کے لوگ ابھی زندہ ہیں۔

استنبول میں فلسطینیوں کی حمایت میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ ہم پوری دنیا کو بتائیں گے کہ اسرائیل جنگی مجرم ہے، اسرائیلی فوج کے مظالم کے پیچھے مرکزی مجرم مغربی طاقتیں ہیں، ان کی حمایت کے بغیر اسرائیل یہ نہیں کر سکتا۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ مغربی ممالک یوکرین میں مرنے والوں کے لیے آنسو بہاتے ہیں لیکن غزہ کے بچوں کے لیے آواز کیوں نہیں اٹھاتے؟ اگر ہم کچھ باضمیر آوازوں کو چھوڑ دیں تو غزہ میں جاری قتل عام مکمل طور پر مغرب کا کام ہے۔ انہوں نے اسرائیل کے اتحادیوں پر الزام لگایا کہ وہ صلیبی جنگ کا ماحول پیدا کر رہے ہیں۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل غاصب اور جنگی مجرم ہے، غزہ میں بدترین جارحیت جاری ہے اور کتنے بچے، بوڑھے مریں گے تو جنگ بندی کی جائے گی؟

ترک صدر کی تقریر پر اسرائیل بھڑک گیا، ترکیہ سے سفارتی عملے کو واپس بلانے کا حکم دیدیا

ترک صدر رجب طیب اردوان کی تقریر پر اسرائیلی وزیرخارجہ بھڑک اٹھے اور ترکیہ سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلانے کا حکم دے دیا ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن کا کہنا ہے کہ ترکیہ سے آنے والے سنگین بیانات پر اپنے کچھ سفارتی عملے کو واپس بلایا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسرائیل اور ترکیہ کے تعلقات کا ازسر نو جائزہ لیں گے۔

غزہ پر حملہ ناقابل برداشت حد تک تکلیف دہ ہے، ریڈ کراس

عالمی تنظیم ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے غزہ کے تنازع کو فوری طور پر کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور جانی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک ناقابل برداشت حد تک تکلیف دہ ہے۔

یاد رہے کہ جمعہ 27 اکتوبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسرائیل اور حماس کے درمیان انسانی بنیادوں پر جنگ بندی پر فوری عمل درآمد کے لیے اردن کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد کو متفقہ طور پر قبول کر لیا تھا۔ تاہم اسرائیل اقوام متحدہ کی قرارداد کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp