کرکٹ ورلڈ کپ2023: آج سری لنکا کا مقابلہ افغانستان سے ہوگا

پیر 30 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا 30واں میچ آج سری لنکا اور افغانستان کے درمیان مہاراشٹرا کرکٹ اسٹیڈیم پُونے میں کھیلا جائے گا۔

افغانستان اور سری لنکا سیمی فائنل کھیلنے کے خواب کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ دونوں ٹیموں نے اپنے گزشتہ میچوں میں اعلیٰ درجے کی ٹیموں کو شکست دی ہے اور امید ہے کہ وہ اسی کارکردگی سے فائدہ اٹھائیں گی۔ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ 4 میں جگہ بنانے والی ٹیموں کے ناک آؤٹ مرحلے میں سب سے پسندیدہ ہونے کے باوجود ان کے نیچے موجود ٹیمیں کسی بھی ممکنہ شکست کا فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔

افغانستان اور سری لنکا لیگ مرحلے کے آخری 4 میچوں میں سے 3 میں کامیابی کے بعد 10 پوائنٹس کی حامل ہوسکتی ہیں جس سے انہیں سیمی فائنل میں جگہ بنانے کا موقع ملے گا۔ لیکن ان 4 میچوں میں سے افغانستان کا مقابلہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سے ہوگا جبکہ سری لنکا کو اب بھی بھارت اور نیوزی لینڈ سے مقابلہ کرنا ہے۔

بنگلہ دیش کے ہاتھوں ابتدائی شکست سے افغانستان کو نقصان پہنچا ہے لیکن انگلینڈ اور پاکستان کے خلاف تاریخی کامیابیوں نے افغانستان کی امیدوں کو نئی زندگی بخشی ہے۔

سری لنکا کو جنوبی افریقہ، پاکستان اور آسٹریلیا سے شکستوں نے بظاہر ٹورنامنٹ میں رہنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا تھا لیکن نیدرلینڈز اور اس سے بھی زیادہ متاثر کن طور پر انگلینڈ کے خلاف جیت نے ٹیم میں نئی روح پھونک دی ہے۔

دونوں ٹیموں نے گزشتہ ایک سال کے دوران 6 ایک روزہ میچ کھیلے ہیں۔ سری لنکا نے ان میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ افغانستان کو اپنے آخری میچ کے بعد سے 6 دن کا وقفہ ملا ہے۔ ٹیم میں نور احمد کی جگہ فضل الحق فاروقی کی واپسی کا امکان ہے۔

افغانستان ٹیم:

رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، حشمت اللہ شہیدی( کپتان)، عظمت اللہ عمرزئی، اکرام علی خیل، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق، فضل الحق فاروقی شامل ہیں۔

سری لنکا کو ایک اور جھٹکا لگا جب انگلینڈ کے خلاف میچ کے بہترین کھلاڑی لاہیرو کمارا انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ ان کی جگہ دشمنتھا چمیرا کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جو خود انجری سے واپس آ رہے ہیں اور امکان ہے کہ وہ براہ راست ٹیم میں آئیں گے۔ ادھر کوشل پریرا کی فارم گزشتہ کچھ عرصے سے تشویش کا باعث ہے اور ان کی جگہ دیموتھ کرونارتنے کو ٹاپ آرڈر میں شامل کرنے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔

سری لنکا ٹیم:

دیموتھ مینڈس (کپتان)، پاتھوم نسانکا، کوشل پریرا/ دیموتھ کرونارتنے، سدیرا سماراوکرما، چریت اسلانکا، دھننجیا ڈی سلوا، اینجلو میتھیوز، مہیش تھیکشانا، کاسن راجیتھا، دشمنتھا چمیرا اور دلشان مدوشنکا۔

پچ اور موسم کی صورتحال

حالیہ دنوں میں اسٹیڈیم میں زیادہ اسکور کا رجحان دیکھا گیا ہے، لیکن اسپنرز کے لیے بھی کچھ مدد ملتی ہے، جس سے دونوں ٹیمیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ شام کو اوس فیکٹر بھی میچ کا حصہ ہوگا اس لیے ٹاس ہمیشہ کی طرح اہم ثابت ہوگا۔

آج کیا ریکارڈز بن سکتے ہیں؟

نسانکا کے 296 رنز افغانستان کے خلاف کسی بھی سری لنکن بلے باز کی جانب سے بنائے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں۔ یہ کسی ایک ملک کے خلاف ان کا سب سے زیادہ اسکور بھی ہے۔ حشمت اللہ شاہدی 2000 ون ڈے رنز تک پہنچنے سے 57 رنز دور ہیں۔ سدیرا سماراوکرما ون ڈے میں 1000 رنز بنانے سے 90 رنز پیچھے ہیں۔

آخری میچ کے بعد سے 6 دن کا آرام ٹیم کو اچھی پوزیشن میں رکھے گا، حشمت اللہ شہیدی

افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شہیدی نے کہا کہ 6 دن کا وقفہ ہمارے لئے اچھا ہے کیونکہ اس سے پہلے ہمارے پاس بیک ٹو بیک میچ تھے اور جب آپ کم وقت میں بہت زیادہ میچ کھیلتے ہیں تو کھلاڑی تھک جاتے ہیں۔ ایک اچھی جیت کے بعد جب آپ آرام کر رہے ہوتے ہیں اور آیندہ میچوں کے بارے میں بھی سوچتے ہیں، میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ ہمارے لئے اچھا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp