پاکستان میں آئندہ عام انتخابات کی تیاری، حساس وانتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی تفصیل طے

پیر 30 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں تاخیر کا شکار ہوجانے والے عام انتخابات کا اعلان تو نہیں ہوا تاہم ملک میں انتخابات کے ذمہ دار ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے طور پر اس کی تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

وی نیوز کو دستیاب تفصیل کے مطابق الیکشن کمیشن میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں جس کے تحت پولنگ اسٹیشنز کی نوعیت کا تعین کرلیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈیٹا کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور 91 ہزار 809 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں نارمل پولنگ اسٹیشن کی تعداد 41 ہزار 890 اور حساس پولنگ اسٹیشن کی تعداد 32 ہزار 508 ہوگی جبکہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن کی تعداد 17 ہزار 411 ہوگی۔

آبادی اور ووٹرز کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں 15 ہزار 829 پولنگ اسٹیشنز حساس جبکہ 6 ہزار 599 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

ملک کے جنوبی صوبہ سندھ میں 8 ہزار 30 پولنگ اسٹیشنز حساس جبکہ 4 ہزار 430 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس ہوں گے۔

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ بلوچستان میں 2 ہزار 68 پولنگ اسٹیشنز کو حساس جبکہ 2 ہزار 38 انتخابی مراکز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا میں کُل انتخابی مراکز میں سے 6 ہزار 582 حساس جبکہ 4 ہزار 344 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp