نگراں پنجاب حکومت کا الیکشن کمیشن سے رابطے کے لیے فوکل پرسن کے تقرر کا فیصلہ

پیر 30 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ 30 نومبر تک ملک بھر میں انتخابی حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، نگران پنجاب حکومت کو شفاف اور آزادانہ انتخابات کے لیے مکمل تعاون کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت وزیر اعلی ہاؤس میں اہم اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چاروں صوبوں کے اراکین سمیت پنجاب کابینہ کے ارکان نے بھی شرکت کی، اجلاس میں جہاں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا وہیں عام انتخابات کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک اعلامیے کے مطابق نگراں حکومتِ پنجاب اور الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے پرامن، آزادانہ اور منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ نگراں صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ رابطے کے لیے فوکل پرسن مقرر کرے گی۔

چیف الیکشن کمشنر نے نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے، سب نے مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لئے مکمل سپورٹ کریں گے، 30نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا، الیکشن کمیشن آف پاکستان شفاف،آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے۔

نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کرتے ہوئے پنجاب میں الیکشن کے آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، عام انتخابات کے منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر من وعن عمل کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp