اب جو بھی کریں گے وہ نوازشریف کریں گے؟ کل پہلا پارٹی اجلاس طلب

پیر 30 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نوازشریف 21 اکتوبر کو پاکستان واپس آئے مختلف مقدمات میں حفاظتی ضمانت میں توسیع لی اور اب سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے جارہے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس حوالے سے نواز شریف نے پارٹی کا پہلا اجلاس کل رائے ونڈ میں طلب کیا ہے جس میں پارٹی کے سینئر رہنما شریک ہوں گے۔ اجلاس میں الیکشن سمیت نوازشریف کے ملک گیر دوروں کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔ نوازشریف اب سب فیصلے خود کریں گے کہ کس جماعت کے ساتھ الیکشن میں انتخابی اتحاد ہو سکتا ہے کس جماعت سے نہیں۔

نوازشریف سندھ کا دورہ کب کریں گے؟

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف جلد ملک گیر عوامی رابطہ مہم اور جلسے کرنے جارہے ہیں۔ عوامی رابطہ مہم جلسے یہ سب الیکشن مہم کا حصہ ہیں، پارٹی ذرائع کے مطابق نوازشریف کے جلسے شیڈول کیے جارہے ہیں۔ کل کے اجلاس میں نوازشریف اپنا شیڈول بتائیں گے جس کے بعد پنجاب، سندھ،کے پی کے، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے دورے کریں گے۔

صوبہ سندھ میں نواز شریف کے دورے اس لیے بھی ضروری ہیں کیونکہ سندھ کی عوام نوازشریف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ 21 اکتوبر کو نوازشریف کے استقبال کا جلسہ ہوا تھا اس میں صوبہ سندھ سے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔ الیکشن میں سب ہی سیاسی دورے کرتے ہیں آصف زرداری اور بلاول بھٹو پنجاب کے دورے کر رہے، رہنماوں کی شمولیت ہو رہی ہے۔ اس طرح نوازشریف جب سندھ کا دورہ کریں گے تو بڑے سیاسی نام ن لیگ میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں۔

نوازشریف کی وطن واپسی پر آصف زرداری کی مبارکباد

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف کی وطن واپسی پر 22 اکتوبر کو آصف علی زرداری نے مبارکباد کا فون شہباز شریف کو کیا تھا اور کہا تھا کہ نواز شریف کی وطن واپسی خوش آئند ہے۔ اس طرح مولانا فضل الرحمن نے بھی نوازشریف کی واپسی پر مبارکباد اور نیک تمناوں کا اظہار کیا تھا۔

نوازشریف پی ڈی ایم کا اجلاس بھی بلانے والے ہیں؟

نوازشریف 4 سال بعد پاکستان میں پارٹی اجلاس کی صدارت کریں گے، اب وہی فیصلے بھی کریں گے۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کے مستقبل کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے اگر نوازشریف پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کا اجلاس بلاتے ہیں تو یہ بہت بڑی سیاسی حکمت عملی ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp