چاکلیٹ چپ کوکیز بنانا نہایت ہی آسان

پیر 30 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چاکلیٹ چپ کوکیز بچوں، بڑوں، بوڑھوں، سب کو ہی  پسند ہیں۔ ہمیں لگتا ہے کہ شاید ان کو بنانا مشکل ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ چاکلیٹ چپ کوکیز کو بنانا نہایت آسان ہے۔ آپ ان مزیدار کوکیز کو دی گئی ترکیب کے مطابق اپنے گھر پر بھی بناسکتے ہیں اور وہ بھی کم وقت میں۔

چاکلیٹ چپ کوکیز بنانے کے لیے آپ کوان اجزا کی ضرورت ہوگی:

225  گرام (1 کپ) کیسٹر شوگر

300  گرام (2 کپ) میدہ، چھان لیں۔

200  گرام (1 کپ) پگھلا ہوا مکھن

ایک کھانے کا چمچ ونیلا ایکسٹریکٹ

ایک کھانے کا چمچ بیکنگ پاؤڈر

ایک چٹکی نمک

ایک انڈا

100 سے 200 گرام چاکلیٹ یا چاکلیٹ چپس

چاکلیٹ چپ کوکیز بنانے کی ترکیب:

ایک پیالے میں کیسٹر شوگر اور پگھلا ہوا مکھن ڈال کے اچھی طرح مکس کریں۔ اس کے بعد، اس میں میدہ، بیکنگ پاؤڈر، ونیلا ایکسٹریکٹ اور نمک ڈال کر اچھی طرح ملا لیں اور اس میں چاکلیٹ چپس ڈال دیں، تمام اجزا کو ہاتھ سے مکس کریں اور جب اس کی ڈو (جیسے گندھا ہوا آٹا) بن جائے تو اس میں انڈہ شامل کریں اور دوبارہ اس ڈو کو ہاتھ سے مکس کریں۔ بیکنگ شیٹ پر تھوڑا سا مکھن لگا کر اسے چکنا کر دیں۔

ڈو کے چھوٹی چھوٹی بالز بنائیں اور پھر انہیں چمچ کی مدد سے چپٹا کرلیں۔ ان کا سائز چھوٹا رکھیں کیونکہ کوکیز بیکنگ کے دوران یہ پھیل جاتی ہیں۔ کوکیز کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں کیونکہ دوران بیکنگ یہ پھیل کر آپس میں جڑ سکتے ہیں۔ اب ان کوکیز کو اوون میں 160 ڈگری سینٹی گریڈ  (گیس مارک 3) پر10 سے 20  منٹ تک پیک کریں۔ آپ ان کوکیز کو جتنی دیر بیک کریں کریں گے یہ اتنا ہی خستہ اور مزیدار تیار ہوں گی۔ جب کوکیز کے کنارے ہلکے گولڈن ہوجائیں تو سمجھ جائیں کہ آپ کی فیورٹ کوکیز تیار ہیں۔

مزیدار اور ذائقہ دار کوکیز آپ خود بھی کھایئں اور بچوں کو بھی کھلائیں اور اگر آپ کا دل چاہے تو آپ انہیں چائے، کافی، دودھ یا آئس کریم کے ساتھ بھی انجوائے کر سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp