معروف ہدایت کار و مصنف حسن عسکری انتقال کر گئے

پیر 30 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان فلم انڈسٹری کے مشہور ومعروف ہدایت کار اور مصنف آغا حسن عسکری لاہور میں انتقال کر گئے۔

حسن عسکری مرحوم پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے، طبیعت خراب ہونے پر انہیں شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔ کچھ عرصہ قبل طبی رپورٹس میں پتہ چلا تھا کہ انہیں پھیپھڑوں کا کینسر ہے۔

حسن عسکری 23 جنوری 1945 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، ان کا شمار لالی وڈ کے مایہ ناز فلم ڈائریکٹرز اور رائٹرز میں ہوتا ہے، انہوں نے بے شمار سپرہٹ فلمیں تخلیق کیں جن میں  وحشی جٹ، تیرے پیار میں، عبد اللہ دی گریٹ، جنت کی تلاش، دل کسی کا دوست نہیں، اچھا شوکر والا، شیر دل، میلہ، دوریاں، تلاش، اک دوجے کیلئے، طوفان، جٹ دا کھڑاک، ہیرا اور خون پسینہ شامل ہیں۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے معروف فلم ڈائریکٹر اور لکھاری حسن عسکری کے انتقال پر افسوس اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے بھی پاکستان فلم انڈسٹری کے مایہ ناز ڈائریکٹر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حسن عسکری کی فلم انڈسٹری کے لیے خدمات پر انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پُر نہ کیا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرائڈ آف پرفارمنس اور نیشنل  ایوارڈ یافتہ حسن عسکری اپنے منفرد انداز کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں منفرد مقام رکھتے تھے اور فلم انڈسٹری کے لیے حسن عسکری کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp