پاکستان نے یکم نومبر سے غیرقانونی غیرملکیوں کی باعزت وطن واپسی کے لیے کیا انتظامات کیے ہیں؟

منگل 31 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے یکم نومبر سے غیر قانونی غیر ملکیوں کی باعزت وطن واپسی کے لیے جامِع انتظامات کیے ہیں۔ ملک بھر میں غیر قانونی غیر ملکی افراد کی وطن واپسی کے لیے 49 ہولڈنگ سینٹرز بنائے گئے ہیں۔ ان کا مقصد وطن واپس جانے والے افراد کی جانچ پڑتال کرکے انہیں باعزت طریقے سے بارڈر پار کروانا ہے۔

پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں ہولڈنگ سینٹرز بنا دیے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 3 ہولڈنگ سینٹرز پشاور، ہری پور اور لنڈی کوتل میں بنائے گئے ہیں۔ سندھ میں 2 ہولڈنگ سینٹرز کیماڑی اور ملیر میں بنائے گئے ہیں۔ بلوچستان میں 3 ہولڈنگ سینٹرز کوئٹہ، پشین اور چاغی میں بنائے گئے ہیں۔

گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں ایک ایک ہولڈنگ سینٹر بنایا گیا ہے جو بالترتیب گلگت اور حاجی کیمپ اسلام آباد میں قائم کیے گئے ہیں۔

غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افراد کی وطن واپسی کے لیے 8 کراسنگ پوائنٹس استعمال کیے جائیں گے۔ 4 کراسنگ پوائنٹس بلوچستان سے اور 4 خیبر پختونخوا سے افغانستان بارڈر سے ملحق علاقوں کا استعمال کیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا سے طورخم، خرلاچی، غلام خان اور انگور اڈا کراسنگ پوائنٹس ہوں گے جبکہ بلوچستان میں چمن، برابچہ، نور وہاب اور بادینی کراسنگ پوائنس کو مختص کیا گیا ہے۔ واپس جانے والے افراد کی سہولت اور کراسنگ پوائنٹس پر آسانی کے لیے نادرا کی طرف سے اسپیشل ایپلیکیشن بھی متعارف کروا دی گئی ہے۔ غیر قانونی غیر ملکیوں کے وطن واپسی کے عمل کی نگرانی اور سہولت کے لیے وزارتِ داخلہ میں کنٹرول روم بھی بنا دیا گیا ہے۔ پاک افغان بارڈر پر آمدورفت کی سہولت کے لیے قلعہ عبداللہ اور خیبر (جمرود) میں 2 نئے پاسپورٹ آفس بھی بنا دیے گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا حکومت نے کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے 1700 ایمرجنسی نمبر بھی جاری کر دیا ہے۔ یکم نومبر سے ڈیپورٹیشن کے ساتھ ساتھ آئندہ کے لیے پاک افغان بارڈر پر ون ڈاکومنٹ (پاسپورٹ) ریجیم بھی نافذالعمل کر دی گئی ہے۔

افغان شہریوں کا وطن واپسی کا سلسلہ جاری

حکومتی احکامات کے پیشِ نظر طورخم اور چمن بارڈر سے روزانہ ہزاروں افغان باشندے اپنے وطن واپس جا رہے ہیں۔ 30 اکتوبر کو 11 ہزار 5 سو 33 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے جن میں 3153 مرد، 2823 خواتین اور 5577 بچے شامل تھے۔

افغانستان روانگی کے لیے 512 گاڑیوں میں 487 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی اور یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ اب تک ایک لاکھ 4 ہزار 4 سو 81 افغان باشندے اپنے وطن روانہ ہو چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp