155 کلومیٹر فی گھنٹہ، عمران ملک انڈیا کے تیز ترین بولر بن گئے

بدھ 4 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی پی ایل میں اپنی تیز بولنگ کی وجہ سے سب کی توجہ حاصل کرنے والے انڈیا کے فاسٹ بولر عمران ملک نے پہلے ٹی20 میں سری لنکا کے خلاف ریکارڈ تیز بولنگ کی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق عمران ملک نے 155 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیندیں پھینکیں جو اب تک انڈیا کا کوئی بھی پیسر نہیں پھینک سکا ہے۔

منگل کو وانکھڈے سٹیڈیم ممبئی میں ہونے والے میچ میں سری لنکن کپتان داسن شناکا 27 گیندوں پر 45 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے جب عمران ملک نے ان کو 155 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرائی اور آؤٹ کر دیا۔

عمران ملک کی تیز رفتار کی وجہ سے شناکا درست طور پر ہٹ نہ لگا سکے اور بال سیدھی یوزویندرا چہل کے ہاتھوں میں چلی گئی۔

اسی طرح عمران ملک نے چیرتھ اسالنکا کو بھی پویلین کی راہ دکھائی یوں وہ اپنے چار اوورز کے کوٹے میں دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

اسی میچ میں ڈیبیو کرنے والے پیسر شیوم ماوی نے بھی متاثرکن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انڈیا سری لنکا کو دو رنز سے شکست دینے میں کامیاب رہا۔

ماوی کی جانب سے 22 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے نے انڈیا کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور تین میچوں کی سیریز میں انڈیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

انڈیا کی کامیابی میں بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے سپنر ایکسر پٹیل کا بھی ہاتھ رہا۔ انہوں نے اپنے آخری اوور میں ایک اہم مرحلے پر نپی تلی بولنگ کرائی۔ سری لنکا کو آخری اوور میں 13 رنز درکار تھے اور اس وقت چیمیکا کرونارتنے 23 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے اور لگ رہا تھا کہ میچ انڈیا کے ساتھ سے نکل گیا ہے۔
آخری اوور میں دو رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد کرونارتنے بھی کچھ نہ کر پائے اور صورت حال انڈیا کے حق میں ہو گئی۔

پیسر عمران ملک کو اس وقت سوشل میڈیا پر بھی سراہا جا رہا ہے۔
سابق انڈین بولر عرفان پٹھان نے ان کی رفتار کے حوالے سے لکھا کہ ’عمران ملک صرف آگ ہی نہیں پھینک رہے بلکہ لائن اور لینتھ بھی بہتر کر رہے ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp