افغان تارکین وطن کا انخلا، چمن میں کیا صورتحال ہے؟

منگل 31 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت کی جانب سے افغان تارکین وطن کو افغانستان واپسی کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے میں چند گھنٹے باقی ہیں، اس دوران پاک افغان سرحدی شہر چمن میں غیرملکی افراد بڑی تعداد میں موجود ہیں اور ان کے انخلا کا سلسلہ جاری ہے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی طور پر رہائش پذیر افغان باشندوں نے ضلع چمن کا رخ کر لیا ہے، بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں کے ہمراہ یہ تارکین وطن ٹرکوں میں اشیا ضروریات اور گھریلو سامان لادے سرحد کی جانب گامزن ہیں۔

چمن میں مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے افغان باشندوں نے کہا کہ پاکستان میں گزارے 40 سال کی یادیں ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گی، پاکستان میں کبھی خود کو اجنبی محسوس نہیں کیا اور یہاں کے عوام نے بہت خدمت کی، پاکستانی کی مہمان نوازی اور یہاں کی یادوں کا ذخیرہ لیے واپس جارہے ہیں۔

نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کے مطابق ابتک 30 ہزار غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندے اپنے ملک لوٹ چکے ہیں جبکہ مزید افراد کے انخلا کا سلسلہ ابھی جاری ہے، تارکین وطن کی سہولت کے لیے کوئٹہ اور چمن میں ہولڈنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں سے انہیں سرحد تک عزت و احترام کے ساتھ باحفاظت پہنچایا جاتا ہے جہاں ان کا بائیو میٹرک تصدیق کی جاتی ہے جس سے یہ اندازہ ہو سکے گا کتنے مہاجرین وطن واپس اپنے وطن لوٹ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ آج رات 12 بجے غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکی افراد کے انخلا کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد کل سے ان کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp