امریکا میں پاکستانی نژاد خاتون ڈاکٹر کا قتل، پاکستانی سفیر کا فوری تحقیقات پر زور

منگل 31 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے ٹیکساس میں 52 سالہ پاکستانی نژاد امریکی خاتون ڈاکٹر طلعت جہاں خان کے قتل کی مذمت کی ہے اور قتل کی فوری تحقیقات پر زور دیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہیوسٹن کے شہر کونروئے میں پاکستانی ڈاکٹر کا قتل صدمہ انگیز اور انسانیت سوز واقعہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قتل کی فوری تحقیقات سے مرحوم کو انصاف ملے گا۔ سفیر نے کہا کہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ اور ہیوسٹن میں قونصلیٹ جنرل سوگوار خاندان اور متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے حقائق کا پتہ لگا رہے ہیں۔

پاکستانی سفیر نے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طلعت جہاں خان صحت کے شعبے سے منسلک پیشہ ور اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی اہم رکن تھیں۔ انہوں نے ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکا (اے پی پی این اے)کے صدر ڈاکٹر ارشد ریحان سے بھی ڈاکٹر طلعت جہاں خان کی موت پر اظہار افسوس کیا۔ پاکستانی سفیر نے غمزدہ خاندان کے نام اپنے ذاتی پیغامات میں واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے اور ہیوسٹن میں قونصلیٹ کی جانب سے مرحوم کی آخری رسومات میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہیوسٹن میں پاکستان کے قونصل جنرل کل نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔

پولیس کے مطابق امریکا میں پاکستانی نژاد ڈاکٹر طلعت جہاں کو ہفتہ کی دوپہر کو ہیوسٹن میں نامعلوم وجوہ کی بنیاد پر چاقو سے حملہ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس نے 24 سالہ ملزم سفید فام مائلز جوزف فرِیڈ رچ کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

مسلمانوں کی وکالت کرنے والے گروپ اور نفرت انگیزی کے خلاف کام کرنے والی تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے ہیوسٹن دفتر نے پولیس سے قتل کے مقدمے کی باریک بینی سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp