دھیمے مزاج مگر جارح انداز کے فخر زمان کے بیٹ نے رنز اگلنے کا سلسلہ وہیں سے شروع کیا جہاں منقطع ہوا تھا، تاہم شائقین ان کی اس اننگز سے خوب محظوظ ہوئے۔ بات یہاں ختم نہیں ہوئی بلکہ شاہین شاہ آفریدی نے بھی فخر زمان کی اس پرفارمنس کو ’پرانے فخر‘ کی واپسی قرار دیا۔
فخر زمان سے پوچھا گیا کہ ٹیم میں واپسی کے بعد یہ کھیل انہیں کیسا لگا تو جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’جیت میں شریک ہونا اچھا لگتا ہے۔ سابق پرفارمنس دیکھ کر یہ کھیل اچھا لگا۔‘ آئندہ کے عزائم سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ’اگلے میچز کو بھی اچھے انداز میں جیتنے کی کوشش کریں گے۔‘
ساتھی اوپنر عبداللہ شفیق کے لیے ان کا کہنا تھا کہ ’جتنا ٹیلنٹ ان میں ہے ابھی تک عبداللہ شفیق اس کا پورا اظہار نہیں کر پائے ہیں۔‘ میچ میں ہدف کے تعاقب کے پلان کا ذکر کرتے ہوئے فخز زمان نے تسلیم کیا کہ رن ریٹ بہتر کرنے کے لیے ہماری کوشش تھی کہ میچ کو 30 اوورز سے آگے نہ جانے دیا جائے۔
مزید پڑھیں
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جاری کردہ ویڈیو میں گفتگو یہاں تک پہنچی تو فخر زمان نے جواب دینے کے بجائے سوال کرنے کی ذمہ داری سنبھال لی۔ شاہین آفریدی سے انہوں نے گزشتہ روز کی بالنگ پرفارمنس با الخصوص ابتدائی اوورز میں وکٹوں سے متعلق پوچھا تو جواب میں پاکستانی پیسر کا کہنا تھا کہ ’شروع سے ہی سوئنگ نہیں ہو رہی تھی اس کے باوجود کوشش کی کہ وکٹ لی جائے۔ چانسز بنے بھی تھے، آج پلان یہی تھا کہ بیٹر کو ڈاٹ بال پر لے جاؤں اور لینتھ ہٹ کرکے وکٹ لی جائے۔‘
حارث روف اور وسیم جونئیر کی بولنگ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’وائٹ بال کرکٹ میں حارث رؤف کی مڈل اور اختتامی اوورز میں سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔‘ وسیم جونیئر کی ٹیم میں شمولیت اور ابتدائی 2 میچز میں ان کی کارکردگی کو بھی شاہین شاہ آفریدی نے خوب سراہا۔
میچ کے مڈل اوورز میں افتخار احمد کے ساتھ بولنگ کا سوال ہوا تو شاہین آفریدی ہنس دیے، جس پر فخر زمان نے انہیں ہنسنے سے روک کر کہا ’ہنسیں نہیں جواب دیں۔‘ شاہین آفریدی نے کہا کہ ’افی بھائی کے ساتھ میں دوسری مرتبہ بالنگ کر رہا ہوں، وہ ایک سینیئر کھلاڑی ہیں۔ وہ اپنا کردار خوب نبھا رہے ہیں۔‘
اس مرحلے پر فخر زمان اور شاہین شاہ کی مشترکہ ہنسی کے درمیان سنا گیا کہ ’افی بھائی کی بولنگ پر بیٹر کوشش کر رہے تھے کہ انہیں کہیں سے گنجائش ملے لیکن میں نے کہا کہ وہ نہ گنجائش دیں گے نہ تیز بال کریں گے۔‘
واضح رہے 6 منٹ سے طویل دورانیے کی ویڈیو کے اختتام پر شاہین شاہ آفریدی نے اپیل کی کہ فینز کی سپورٹ کی ضرور ہے۔