الخدمت فاؤنڈیشن کی ’اسموگ فری لاہور‘ مہم، 10 ہزار پودے فلسطینی شہدا کے نام

بدھ 1 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الخدمت فاؤنڈیشن کی ’اسموگ فری لاہور‘ مہم کےتحت فلسطینی شہدا کے نام پر 10 ہزار پودے لگا دیے گئے۔ اس سلسلے میں پی ایچ اے کے تعاون سے لاہور ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک گرینڈ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں رضاکاروں نے 10 ہزار پودے لگائے۔

مہم کا بنیادی مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینا اور اسموگ فری بنا کر صاف ماحول فراہم کرنا ہے۔

ہم غزہ کے شہدا کو بھولے نہیں

پروگرام میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے اس موقع پر بتایا کہ الخدمت میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے  اس پروگرام کو فلسطین کے شہدا سے منسوب کیا گیا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن بین الاقوامی رفاہی اداروں کے تعاون سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے اور جنگ بندی پر تعمیر نو اور بحالی  میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد لوگوں تک احساس پہنچانا ہے کہ ہم غزہ کے شہدا کو بھولے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آلودگی کے پیش نظر پودے لگانا  وقت کی اہم ضرورت ہے اور  الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے ذریعے پودے لگانے کا اہتمام کر رہی ہے۔ انہوں نے مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پی ایچ اے کے کردار کو سراہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp