سندھ بھر میں مارکیٹوں کی بندش کا نیا حکم نامہ جاری ہوگیا ہے۔
کمشنر کراچی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں شاپنگ مال، مارکیٹیں ساڑھے آٹھ بجے بند کرانے کی ہدایت جاری کردی۔
کمشنر کراچی نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے، وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے چیف سیکریٹری سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ تجارتی مراکز رات ساڑھے آٹھ بجے جبکہ شادی ہال، ریسٹورنٹ کو رات 10 بجے بند کرانے کے وفاقی حکومت کے احکامات پر عملدرآمد کرایا جائے۔
صدر آل سٹی تاجر اتحاد شرجیل گوپلانی نے کمشنر کراچی کے ہدایت نامے کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ توانائی بچت منصوبہ مسترد کرتے ہیں،حکومت کے ایسے فیصلے منظور نہیں۔
شرجیل گوپلانی کا کہنا ہے کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ کام کرنے کے گھنٹے بڑھادیئے جاتے، حکومت بیوروکریٹ سے مفت کی گاڑیاں واپس اور مفت پٹرول بند کرے۔
انہوں نے کہا کہ افسروں سے بجلی اور گیس کے بل معافی کی سہولت بند کی جائے۔