عدلیہ اور وکلا دستور کے تحفّظ کا فریضہ سرانجام دیں، عمران خان کا قوم کے نام پیغام

بدھ 1 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے قوم کے نام اپنے ایک حالیہ پیغام میں کہا ہے کہ اگر ہم اپنے نظام انصاف کو مکمل انہدام سے بچانا چاہتے ہیں تو ہمیں حرکت میں آنا ہو گا اور فی الفور اپنے قدم اٹھانا ہوں گے۔

عمران خان سے منسوب یہ پیغام سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر شائع ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے یہ پیغام گزشتہ روز اپنے اہل خانہ کے ذریعے قوم کے نام بھجوایا ہے۔

قوم کے نام اپنے نئے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ عدلیہ اور وکلا پر یہ مقدس ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس دستور کے تحفّظ کا فریضہ سرانجام دیں جس پر ہماری قومی ترقی کی بنیادیں استوار ہیں، قانونی برادری پاکستان کے عوام کے حقوق کے دفاع اور تحفظ کے لیے ایک تحریک برپا کریں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اس تحریک کے ذریعے عوام کے ووٹ کا حق محفوظ بنایا جائے اور انہیں اپنی قیادت کے انتخاب اور اپنے مستقبل کے تعین کا موقع دلوایا جائے، یہ ثانوی بات ہے کہ عوام کسے اپنی قیادت کے لیے منتخب کرتے ہیں، بنیادی معاملہ یہ ہے کہ انہیں اپنے نمائندوں کے انتخاب کا وہ بنیادی حق دیا جائے جو انہیں آئین فراہم کرتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان اس وقت بلاشبہ ایک دوراہے پر کھڑا ہے، یہ وہ نازک موڑ ہے جہاں ہم اپنے نظام انصاف کو نہایت تیزی سے تباہی کے گھاٹ اترتے اور اس کا شیرازہ بکھرتے دیکھ رہے ہیں، اگر ہم عدل و انصاف کیلئے میدان میں نہیں نکلتے اور اپنے ججز کی پشت پناہی نہیں کرتے تو ہم اس ملک میں دستور کی بالادستی قائم نہیں  کرسکیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر ہم نے آج حرکت نہ کی تو طاقت کی اس حکمرانی کے خلاف بھی کھڑے نہیں ہو پائیں گے جس کے تحت صرف طاقت کے لحاظ سے موزوں ترین اور امیر ترین ہی زندہ رہ سکتے ہیں۔

واضح رہے اس پیغام سے 4 روز قبل 27 اکتوبر کو بھی چیئرمین پی ٹی آئی نے  جیل سے قوم کے نام ایک پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے پاکستان کے نظام انصاف سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے نظام انصاف کی مکمل تباہی دیکھ رہے ہیں۔

عمران خان نے اپنے خلاف ’سلو پوائزننگ‘ کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری جدوجہد فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو رہی ہے، آپ کو اپنے حقوق اور اپنے ملک کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp