سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اب صدر علوی پر بھی لازم ہے کہ جیل بھرو تحریک کا حصہ بنیں یا عمران نیازی کے فیصلوں کو غلط قرار دیں ۔
ناصر شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کراچی کے ایم این ایز کا استعفوں کی منظوری کے خلاف درخواست دائر کرنا مضحکہ خیز ہے۔ پہلے یہ سیاسی شہید اور اب سیاسی غازی بننے کی کوشش کررہے ہیں ۔ یہ درخواست ثابت کرتی ہے کہ پی ٹی آئی والے استعفیٰ دینے کے فیصلے کو اپنی قیادت کی غلطی سمجھتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جیل بھرو تحریک کے قیدی رہنمائوں نے ضمانتوں کی درخواستیں داخل کرنا شروع کردی ہیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی والے جیل بھرو تحریک کے فیصلے کو بھی اپنی قیادت کا اناڑی پن سمجھتے ہیں۔
ناصر شاہ نے کہا کہ اب اسد عمر اور شاہ محمود قریشی جیل بھرو تحریک کے غازی بننے جارہے ہیں؛ جب آپ اپنے سارے فیصلوں کو اپنی غلطی سمجھتے ہیں تو عمران خان قوم سے معافی مانگیں۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ صدر عارف علوی پی ٹی آئی کی ھر چال میں اپنا حصہ ضرور ڈالتا ہے۔ اب صدر علوی پر بھی لازم ہے کہ جیل بھرو تحریک کا حصہ بنیں یا عمران نیازی کے فیصلوں کو غلط قرار دیں۔