پاکستان میں ’میکڈونلڈز بائیکاٹ مہم‘، فروخت میں 80 فیصد سے زائد کی کمی؟

جمعرات 2 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بین الاقوامی فاسٹ فوڈ چین میکڈونلڈز کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں کو مفت کھانا فراہم کرنے کے فیصلے کو شدید ردعمل کا سامنا ہے، سوشل میڈیا پر میکڈونلڈز اور دیگر فوڈ چینز کے بائیکاٹ کی مہم چلائی گئی، مسلم ممالک کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد پراڈکٹس کی فروخت میں مسلسل کمی کا رجحان ہے جس سے کمپنی کو لاکھوں ڈالرز کے نقصان کا سامنا ہے۔

سوشل میڈیا پر صحافی فیض اللہ خان کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں میکڈونلڈ بائیکاٹ کی مہم توقع سے زیادہ کامیاب رہی اور اندرونی ذرائع کے مطابق اس کی سیل میں 80 فیصد سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

نجم علی لکھتے ہیں کہ میکڈونلڈ کے لیے یہ کوئی نقصان نہیں ہے یہ صرف اور صرف پاکستان کا نقصان ہے۔ اس سے حکومت اور غریب پاکستانیوں کی نوکری کو نقصان ہو گا۔ وہ مزید لکھتے ہیں کہ آئندہ بزنس مین پاکستان میں ایسا کاروبار کرتے ہوئے ہچکچائیں گے۔

ایک صارف نے لکھا کہ صرف میکڈونلڈ ہی نہیں بلکہ باقی مغربی مصنوعات کا بھی بائیکاٹ کرنا چاہیے، اس سے ایک طرف مغربی معیشت دباؤ میں آئے گی تو دوسری طرف مقامی صنعت کو بھی جگہ بنانے کا موقع ملے گا۔

ایک اور صارف نے کہا کہ ہم فلسطین تو نہیں جا سکتے لیکن ایسی پراڈکٹس کا بائیکاٹ ضرور کر سکتے ہیں۔

اظہر محمود نے میکڈونلڈز کی سیل میں 80 فیصد کمی کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے لکھا کہ اس بات میں صداقت نہیں ہے کہ میکڈونلڈ کی سیل میں کمی ہوئی ہے اور دوسرا یہ کہ ان فوڈ چینز کے مالک پاکستانی ہی ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ میکڈونلڈز میں 10 ہزار سے زائد ملازمین ہیں اور اس کے ساتھ کئی لوکل انڈسٹریز بھی جڑی ہوئی ہیں اور ہزاروں لوگوں کا روزگار بھی اسی سے وابستہ ہے۔

فیض اللہ خان نے کراچی گلشن اقبال کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میکڈونلڈ کی یہ برانچ اس وقت خالی پڑی ہے اور اس میں صرف عملہ موجود ہے۔

واضح رہے کہ صرف میکڈونلڈز ہی نہیں ہے بلکہ دیگر امریکی برانڈز بشمول سٹاربکس، برگر کنگ، ہارڈیز، کے ایف سی، پیزا ہٹ، پاپا جانز اور ڈومینوز کو بھی مسلم ممالک میں بائیکاٹ کا سامنا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں بائیکاٹ مہم کی کامیابی

مشرق وسطیٰ میں ملٹی نیشنل فاسٹ فوڈ چین میکڈونلڈز کی فرنچائزز کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ مسلم ممالک میں میک ڈونلڈز کے اسرائیلی فوج کو مفت کھانا فراہم کرنے کے فیصلے کو شدید ردعمل کا سامنا ہے، مسلم ممالک میں میکڈونلڈز اور اسٹار بکس کے بائیکاٹ سے کمپنیوں کو لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔

سعودی عرب، عمان، کویت، متحدہ عرب امارات، اردن، مصر، بحرین اور ترکی میں میکڈونلڈز کی فرنچائزز نے خود کو اسرائیلی فرنچائزز سے الگ ظاہر کیا ہے جبکہ غزہ کے شہریوں کی مدد کے لیے مجموعی طور پر 30 لاکھ ڈالر سے زیادہ کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

میکڈونلڈز کی عمان میں فرنچائز نے ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ’ہم سب اپنی کوششوں کو یکجا کریں اور غزہ میں کمیونٹی کی ہر ممکن مدد کریں، ہم اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ وہ ہمارے پیارے ملک اور تمام عرب اور مسلم ممالک کو ہر قسم کے شر اور نفرت سے محفوظ رکھے۔‘

میکڈونلڈ عمان نے غزہ کے شہریوں کے لیے $100,000 دینے کا وعدہ کیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی حمایت کا اعلان کرنے کے بعد سے میک ڈونلڈز اسرائیل نے عرب اور مسلم ممالک کے صارفین کی جانب سے شدید ردعمل کے بعد اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ‘نجی’ میں تبدیل کر دیا ہے۔

یہ صرف میک ڈونلڈز ہی نہیں ہے جسے مسلم ممالک میں نقصان کا سامنا ہے، دیگر امریکی برانڈز بشمول سٹاربکس، برگر کنگ، ہارڈیز، کے ایف سی، پیزا ہٹ، پاپا جانز اور ڈومینوز کو بھی عرب دنیا میں بائیکاٹ کا سامنا ہے۔

سعودی عرب کے 35 سالہ کارکن احسان امین کے مطابق ‘فلسطین اسرائیل تنازعہ کی وجہ سے امریکی فرنچائزز کا عرب بائیکاٹ ان کے فلسطینیوں کے ساتھ لگاؤ کو اجاگر کرتا ہے ۔’

عرب ممالک میں جاری بائیکاٹ کے بعد اسٹاربکس والٹ، ڈزنی کمپنی اور میکڈونلڈز کے شئیرز کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان ہے جس سے کمپنی کو لاکھوں ڈالرز کے نقصان کا سامنا ہے .

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp