ڈالر کی قدر میں اضافہ اور سونے کی قیمتیں ایک بار پھر کیوں بڑھ رہی ہیں؟

جمعرات 2 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں ایک بار پھر اضافہ کا رجحان ہے، گزشتہ 10 روز کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کے باعث ڈالر تقریباً 4 روپے مہنگا ہوا ہے۔

اسی طرح 900 روپے اضافے کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 13 ہزار روپے کی سطح پر آگئی ہے، اسی طرح 771 روپے کے اضافے کے بعد 10  گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 82 ہزار 613 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

کیا آئندہ دنوں میں ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگا؟

ماہر معاشیات شہریار بٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں روپے کی قدر میں کمی کی مختلف وجوہات ہیں۔ ’ایک وجہ تو یہ ہے کہ ستمبر میں ڈالر کی قدر میں انتہا درجے کی کمی دیکھی گئی تھی اور تکنیکی اعتبار سے ڈالر کی قیمت نے واپس آنا تھا۔‘

شہریار بٹ کے مطابق اس وقت ڈالر کی روپے کے مقابلے میں قیمت پاکستانی روپے کی اصل قدر ظاہر کررہی ہے اسی لیے اس میں زیادہ اتار چڑھاؤ نہیں دیکھا جارہا ہے، حالیہ دنوں میں جو قدر میں اضافہ ہوا ہے وہ فطری اضافہ ہے اور کسی بھی کرنسی کے ساتھ اتنا اتار چڑھاؤ کا معاملہ رہتا ہے۔

فاریکس ایکسچینج کمپنیز کے چئیرمین ملک بوستان کے مطابق ڈالر کی قیمت 330 سے کم ہو کر 275 روپے تک آئی تھی اس لیے اب چند روپے میں اضافہ کوئی گھبرانے والی بات نہیں اور یہ مارکیٹ میں طلب اور رسد کی وجہ سے نظر آرہا ہے۔

’غیر ملکی کمپنیوں نے جو منافع کمایا تھا وہ منافع بیرون ملک نہیں بھیجا گیا تھا، اب وہ منافع باہر جارہا ہے جس کی وجہ سے تھوڑا فرق نظر آرہا ہے تاہم یہ غیر فطری عمل نہیں ہے۔‘

شہریار بٹ کے مطابق ڈالر کی قدر میں اضافے کی ایک وجہ ذخائر کی کمی بھی ہے۔ ’امید ہے کہ آئی ایم ایف سے جلد اگلی قسط مل جائے گی اور ورلڈ بینک سے بھی گرانٹ کی امید ہے جس کی وجہ سے ڈالر کی قدر میں زیادہ اضافہ نہیں ہوگا اور روپے کی قدر مستحکم رہے گی۔‘

ملک بوستان کے مطابق دسمبر تک مارکیٹ میں روپے پر دباؤ برقرار رہے گا لیکن آئی ایم ایف سے قسط ملنے کے بعد زیادہ دباؤ سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔‘

سونے کی قیمتوں میں اضافے کی کیا وجہ ہے؟

شہریار بٹ کے مطابق سونے کی قیمت انٹرنینشل مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بڑھ رہی ہیں۔ ’اس کی ایک وجہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جنگ بھی ہے، جب خطے میں جنگ کی صورتحال کی کم ہوگی تو سونے کی قیمتوں میں کمی  آئے گی۔‘

شہریار بٹ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ بلیک مارکیٹ بھی ہے، جس پر کافی حد تک تو قابو پالیا گیا ہے لیکن حکومت اگر اصلاحات متعارف کرائے تو صورتحال مزید بہتر ہوسکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp