صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے درمیان 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات کرائے جانے پر اتفاق رائے طے پا گیا، ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کےدرمیان ہونے والی ملاقات میں ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے حتمی تاریخ پر اتفاق رائے طے پا گیا ہے، جس کے بعد ملک میں عام انتخابات کا انعقاد 8 فروری کو ہو گا۔
ایوان صدر سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں معزز ممبران الیکشن کمیشن نے صدر پاکستان سے ایوان صدر میں الیکشن کی تاریخ کے سلسلے میں ملاقات کی۔ ملاقات میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات 8 فروری جمعرات کو منعقد ہوں گے۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 11 فروری کو عام انتخابات کے لیے صدر مملکت کو خط لکھا تھا۔
مزید پڑھیں
چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ کی جانب سے صدر مملکت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ ’میں آپ کی توجہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے 2 نومبر 2023 کے اس حکم کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں جو عدالت کی جانب سے آئینی درخواستوں نمبر 32 اور 36 اور 2023 کی وزیراعلیٰ کی اپیل نمبر 118 اور 119 کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا تھا۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اور صدر پاکستان سے ملاقات کے بعد پاکستان میں عام انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کا تعین کیا جائے۔
اس سلسلے میں اٹارنی جنرل آف پاکستان میٹنگ کا اہتمام کریں گے اور صدر مملکت کو 23 اکتوبر 2023 کے عدالت کے حکم اور جمعرات کو سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے جاری کر دہ حکم سے آگاہ کریں گے اور اس سلسلے میں معاونت فراہم کریں گے۔
ہم توقع کرتے ہیں کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے ایک تاریخ مقرر کرنے کا معاملہ طے ہوجائے گا اور سپریم کورٹ آف پاکستان کو جمعہ 3 نومبر 2023 کو مطلع کیا جائے گا۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے سبجیکٹ آرڈر میں دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کے لیے کمیشن نے غور و خوض کے بعد قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے لیے 11 فروری 2024 کو انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
ادھر اس خط کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، چیف الیکشن کمشنر اور اٹارنی جنرل کے درمیان ایک گھنٹہ تک کی طویل ملاقات میں ملک میں عام انتخابات کے لیے 3 تاریخیں تجویز کی گئی تھیں۔
ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے صدر مملکت کو ملک میں عام انتخابات کے لیے 28 جنوری، 4 فروی اور 11 فروری 2024 کی تاریخیں دی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ جمعرات کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم نامے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کا وفد ایوان صدر پہنچا تھا جہاں وفد نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ساتھ ملک میں عام انتخابات کے لیے ایک گھنٹہ طویل مشاورت کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں عام انتخابات کے لیے آئینی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، صدر مملکت کو چیف الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن کی تیاریوں اور دیگر معاملات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ ملاقات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے وفد نے صدر مملکت کے سامنے 3 تاریخیں رکھیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کے لیے 28 جنوری، 4 فروری اور 11 فروری کی تاریخیں تجویز کیں اور ساتھ ہی یہ بھی تجویز کیا کہ عام انتخابات کے لیے فروری 2024 سب سے موزوں رہے گا، جب کہ اس میں بھی الیکشن کمیشن نے 11 فروری 2024 کو حتمی قرار دیے جانے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ 11 فروری تک سیاسی جماعتوں کو اپنی الیکشن مہم کے لیے بھی اچھا خاصا وقت مل جائے گا۔