آئین شکنی کرنے والوں کا تعین ہونا چاہیے، عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، عمران خان

جمعرات 2 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی جماعت انتخابات میں ہر صورت حصّہ لے گی، مقررہ مدت میں انتخابات نہ کروانے والوں کا تعین کیا جائے۔

عمران خان نے جمعرات کو اڈیالہ جیل میں اپنی لیگل ٹیم اور ذاتی معالج سے ملاقات کی ہے۔ملاقات کرنے والوں میں سینیئر قانون دان حامد خان، بیرسٹر عمیر نیازی، نعیم حیدر پنجوتھہ اور ڈاکٹر فیصل شامل تھے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے انتخابات کی تاریخ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) انتخابات ہر صورت حصّہ لے گی لیکن سب سے پہلے 90 روز میں انتخابات نہ کرو ا کر آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کا تعین ہونا بہت ضروری ہے۔

پیش گوئی کر رہا ہوں ، پی ٹی آئی انتخابات بھاری اکثریت سے جیتے گی

ملاقات میں شامل سینیئر قانون دان نے بتایا کہ ’عمران خان نے کہا کہ ہم انتخابات ہر صورت لڑیں گے، تحریک انصاف آخری گیند تک مقابلہ کرے گی، میں آج پھر پیش گوئی کر رہا ہوں کہ جب بھی ملک میں انتخابات ہوئے، تحریک انصاف ہی واضح اکثریت حاصل کرے گی‘۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ’جان بوجھ کر انتخابات میں تاخیر کر کے آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی ہے لیکن اِن آئین شکنی کرنے والوں کا کون تعین کرے گا؟‘ ۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ ’گزشتہ روز عمران خان کی صحت سے متعلق خبر پر بھی ان سے استفسار کیا گیا جس پر انہوں نے حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ میں تو بالکل ٹھیک ہوں۔‘

سابق وزیراعظم عمران خان کے معالج ڈاکٹر فیصل نے بھی ان کا معائنہ کیا اور انہیں صحت مند قرار دیا۔  عمران خان نے ڈاکٹر فیصل سے شوکت خانم اسپتال سے متعلق بھی بریفنگ لی، سابق وزیراعظم عمران خان نے سینیئر قانون دان حامد خان کو سپریم کورٹ میں عمران خان کی اپیلوں سے متعلق بریفنگ دی۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے انخلا سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم افغان باشندوں کی تذلیل کر کے بہت بڑی زیادتی کر رہے ہیں، اگر حکومت نے ان کے انخلا کا فیصلہ کرنا بھی تھا تو کم از کم اس طرح ان کی تذلیل نہ کرتے۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’اس فیصلے اور جس طرح اس پر عملدرآمد کیا جارہا ہے اس کے نتائج سامنے آئیں گے، پاکستان کی خارجہ پالیسی پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوں گے۔، پاکستان کو اتنا بڑا انخلا بین الاقوامی قوانین اور طریقہ کار کو مدنظر رکھتے ہوئے کرنا چاہیے تھا۔‘

سابق وزیراعظم عمران خان کی راولپنڈی جی ایچ کیو مقدمے میں جے آئی ٹی کے روبرو بھی پیش ہوئے۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے تفتیش کی۔ عمران خان کی وکلا کی موجودگی میں جے آئی ٹی نے تفتیش کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp