نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے افغان وزیر دفاع کی جانب سے پاکستان سے تارکین وطن کی واپسی پر تنقید کو بے جا قرار دیتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن خواہ ان کا تعلق کسی بھی ملک سے ہو انہیں واپس بھیجا جائے گا۔
کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ دنیا بھر میں تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں کی جاتی ہے، پاکستان تارکین وطن کو صرف ڈی پورٹ کرکے ان پر احسان کر رہا ہے۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان مہاجرین کی 40 سال تک مہمان نوازی کی ہے، افغان مہاجرین افغانستان کے شہری ہیں انہیں اب اپنے ملک واپس چلے جانا چاہیے۔
نگراں صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی ہدایت پر غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں تیز ہو گئی ہیں، نادرا کی جانب سے بلاک کیے گئے اب تک ایک لاکھ شناختی کارڈز میں 40 ہزار کوئٹہ سے تعلق رکھتے تھے، جعلی شناختی کارڈز بنانے والوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعلی بلوچستان کی سربراہی میں صحت کارڈ کا اجرا ہوچکا ہے، صحت کارڈ کے ذریعے ہر خاندان سالانہ 10 لاکھ روپے مالیت تک مفت علاج کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکے گا۔